Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے نئے ایئرپورٹ پر دنیا کا سب سے بڑا حرمین ریلوے سٹیشن

ایئرپورٹ پر ٹرین سٹیشن 99 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ پرحرمین ایکسپریس ریلوے سٹیشن کا شمار دنیا کے سب سے بڑے ریلوے سٹشینوں میں ہوتا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چھ منزلہ حرمین ایکسپریس ٹرین سٹیشن 99 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر ہے۔ یہاں کاروباری مراکزاور ہر کلاس کے مسافروں کے لیے ویٹنگ زون موجود ہیں۔
ریلوے سٹیشن مملکت میں لاجسٹک خدمات اور ٹرانسپورٹ کی صنعت کے مستقبل کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔
مملکت میں حرمین ایکسپریس کے دیگر سٹیشن جدہ، رابغ میں کنگ عبداللہ اکنامک سٹی، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قائم کیے گئے ہیں۔ 
جدہ ایئرپورٹ پر حرمین ایکسپریس سٹیشن سعودی نوجوان پروفیشنل انداز اور صلاحیت کے ساتھ چلا رہے ہیں۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے لاکھوں زائرین کو جدہ اور رابغ کے راستے مکہ مکرمہ اور مدینہ  منورہ پہنچایا جا رہا ہے۔ 
حرمین ایکسپریس سٹیشن نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروجیکٹ کا حصہ ہے۔ یہ مشرق وسطی میں ریلوے سے منسلک واحد ایئرپورٹ ہے۔ اسے دنیا بھر میں مسافر ٹرینوں کے سب سے بڑے سٹیشن ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ یہاں سے بیک وقت چھ ٹرینیں گزر سکتی ہیں۔ پلیٹ فارم 519 میٹرطویل ہے۔ 
یہاں کاروباری مراکز 2543 مربع میٹر رقبے میں پھیلے ہوئے ہیں۔ مصروف اوقات میں ہردس منٹ میں چھ پلیٹ فارموں سے ٹرین روانہ ہوتی ہے۔
جدہ ایئرپورٹ پر دنیاکے سب سے بڑے ریلوے سٹیشن کے قیام کا مقصد ملکی اور بیرونی عمرہ و حج زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سفر کی سہولت ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کی شاہراہوں پر ٹریفک اژدحام اور دباؤ کو کم کرنا اور ٹرین کے ذریعے تیز اور محفوظ سفر ہے۔

شیئر: