Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان کا اچھا تاثر‘، وزیراعظم شہباز شریف اور ملالہ یوسفزئی کی ملاقات

شہباز شریف اور ملالہ یوسفزئی کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پرہوئی (فوٹو: مریم اورنگزیب ٹوئٹر)
وزیراعظم شہباز شریف اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی ملاقات کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے جس میں شہباز شریف نے ملالہ کے سر پر ہاتھ رکھا ہوا ہے۔
اس ملاقات کی ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی شہباز شریف کمرے میں داخل ہوتے ہیں ملالہ اپنا ہاتھ آگے بڑھاتی ہیں لیکن وہ ان کے سر پر ہاتھ رکھ کر ان سے ملتے ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور نوبل انعام یافتہ اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ملالہ یوسفزئی کے درمیان جمعے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس ملاقات کی ویڈیو اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وزیراعظم نے آج اقوام متحدہ کے جنرل اجلاس کے موقع پر ملالہ یوسفزئی سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ کس طرح ملالہ نے دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا اور وہ امید کی علامت بنیں۔‘
دوسری جانب ملالہ یوسفزئی نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ ’آج میں نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی فوری ضروریات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے وزیراعظم  شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ہم عالمی برادری سے قرض کے دباؤ کو کم کرنے اور فوری انسانی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔‘
کئی سوشل میڈیا صارفین نے شہباز شریف اور ملالہ یوسفزئی کی ملاقات کو سراہا ہے اور ان کا خیال ہے کہ اس سے ’دنیا کو پاکستان کے حوالے سے مثبت تاثر جائے گا۔‘
بہت سے صارفین کو شہباز شریف کا ملالہ یوسفزئی کے سر پر ہاتھ رکھ کر ملنے کا انداز خوب بھایا اور انہوں نے اس ’شفقت‘ کے اظہار پر وزیراعظم کی تعریف کی۔

ٹوئٹر صارف شفیق احمد نے لکھا کہ ’شہباز شریف نے ملالہ کے سر پر ہاتھ رکھ کر آخر کار قوم کی بیٹی کو اپنا لیا ہے اور اس سے یقیناً عالمی سطح پر پاکستان کا اچھا تاثر جائے گا۔‘

حسن علی نے لکھا کہ ’وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملالہ یوسفزئی سے ہاتھ ملانے کے بجائے سر پر پیار دے کر ثابت کیا کہ قوم کی ہر بیٹی کا باپ وزیراعظم ہوتا ہے۔‘

ایک اور صارف عمار ساجد نے ٹویٹ کی کہ ’ملالہ نے ہاتھ ملانے کے لیے آگے بڑھایا تو وزیراعظم شہباز شریف نے بیٹی سمجھ کر سر پہ ہاگتھ رکھ کے ملاقات کی۔ شہباز شریف دل جیت لیا۔‘

راجا جواد جالپ نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’ملالہ یوسفزئی سے شہباز شریف کی ملاقات احسن اقدام ہے۔ ویل ڈن پی ایم پاکستان۔‘

رابعہ آفتاب نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’ایک ایسی بچی جسے سالہا سال سے پاکستان سے نفرت ملی۔ اس کے سر پر ایک باپ کی طرح شفقت بھرا ہاتھ رکھنے سے آپ کی عزت و احترام میں اضافہ ہوا ہے۔‘

شیئر: