Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم نواز کی بریت: شہباز شریف کے لیے ’برا ہفتہ‘ کیوں؟

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز اور ان کے شوہر کو ایون فیلڈ کیس میں بری کردیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایون فیلڈ کیس میں بری کردیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک بینچ نے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دونوں رہنماؤں کی سزا کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے مریم نواز کی سات سال اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایک سال قید کی سزا کو کالعدم قرار دے دیا۔
خیال رہے سال 2018 کے عام انتخابات سے صرف تین ہفتے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مریم نواز کو نیب کے ایون فیلڈ کیس میں سات سال قید کی سزا سنائی تھی جس کو انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔
اسی کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں کی ایک مقدمے میں بریت پر سوشل میڈیا صارفین بھی تبصرے کررہے ہیں۔
وزیر اطلاعات مریم نواز کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں پارٹی رہنما بشمول مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف خوشی میں مٹھائیاں کھاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
اس فیصلے کے پاکستان کے سیاسی منظرنامے پر کیا اثرات مرتب ہوں گے یہ تو وقت ہی بتائے گا لیکن کچھ صارفین آج اشاروں میں کچھ کہنے کی کوشش کرتے رہے یا پھر یہ کہہ لیں کچھ کہا بھی نہیں اور سب کچھ کہہ بھی گئے۔
صحافی سلمان مسعود نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’اس ہفتے تین چیزیں ہوئی ہیں: ڈار کی واپسی، آڈیو لیک اور مریم کی بریت۔‘
اس معاملے پر اپنی رائے دیتے ہوئے صحافی مبشر زیدی نے لکھا کہ ’مریم نواز کے خلاف کیسز جس کے ایما پر بنائے گئے وہ تو کبھی کٹہرے میں نہیں آئیں گے۔‘
کچھ صارفین پاکستان مسلم لیگ (ن) کو مشورے دیتے ہوئے بھی نظر آئے۔ رحیق عباسی کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز کی سزا کالعدم ہو گئی ۔ وہ الیکشن لڑنے کے لیے اہل ہو گئیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اگر مسلم لیگ ن میں ذرا بھی سمجھ ہو تو یہ بہترین وقت ہے نئے انتخابات کے اعلان کا۔ ورنہ شہباز شریف کی حکومت جنتنی  دیر قائم رہے گی ن لیگ اتنی غیر مقبول ہوگی۔‘
وکیل اور کالم نویس معید جعفری نے ایک ٹویٹ میں اس ہفتے کو وزیراعظم شہباز شریف کے ’برا ہفتہ‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’پہلے انہیں ایسا وزیر خزانہ ملا جو انہیں نظرانداز کرتا ہے اور اب یہ کہ ہاؤس آف شریف کی کرسی کی راہ میں مریم نواز کی راہ میں کھڑی قانونی رکاوٹیں بھی ہٹ گئی ہیں۔‘
عدالت کے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ناخوش نظر آئے۔ اسد عمر نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام لیے بغیر لکھا ’روز مہنگائی بڑھ رہی ہے اور یہ امپورٹڈ حکومت کے لیڈروں کے مقدمے خارج ہورہے ہیں۔‘
انہوں نے الزام لگایا کہ ’یہ ہیں وہ اصل مقاصد جن کے لیے سازش کرکے عمران خان کو ہٹایا۔‘

شیئر: