Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جسپریت بمراہ کمر میں تکلیف کے باعث ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر

جسپریت بمراہ نے 23 ستمبر کو آسٹریلیا کے خلاف ناگپور میں ٹی20 میچ میں کم بیک کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے سٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جسپریت بمراہ کمر کی انجری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ٹی20 ورلڈ کپ میں ان کی شرکت ممکن نہیں رہی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بدھ کو جسپریت بمراہ کی کمر کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جس نے ان کی اکتوبر میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ شرکت کو مشکوک بنا دیا تھا۔
جسپریت بمراہ اس سے پہلے ایشیا کپ سے بھی انجری کے باعث باہر ہو گئے تھے۔
ایشیا کپ سے پہلے انہوں نے 14 جولائی کو انگلیںڈ کے خلاف ون ڈے میچ کھیلا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے 23 ستمبر کو آسٹریلیا کے خلاف ناگپور میں ٹی20 میچ میں کم بیک کیا تھا۔
بمراہ ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے والے انڈیا کے پہلے کھلاڑی نہیں ہیں۔ اس سے پہلے آل راؤنڈر رویندرا جڈیجہ بھی انجری کا شکار ہو کر ورلڈ کپ سے باہر ہو چکے ہیں۔
جسپریت بمراہ کے ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی انڈین کرکٹ ٹیم کے مداحوں کی جانب سے افسردگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
فور اوور تھروز نامی ہینڈل نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’بمراہ اور جڈیجہ دونوں ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں، دونوں 6 دسمبر کو پیدا ہوئے تھے، میں اس کا ذمہ دار ستاروں کو ٹھہراتی ہوں۔‘

بھاونا کہتی ہیں کہ ’جسپریت بمراہ کے باہر ہونے کے ساتھ، ہمارا ٹی20 ورلڈ کپ کا سفر بھی ختم ہو گیا۔‘

فرضی کرکٹر نے میم شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ تو شروع ہوتے ہی ختم ہو گیا۔‘

جسپریت بمراہ نے انڈٰیا کی جانب سے 30 ٹیسٹ میچز میں 128، 72 ون ڈے میچز میں 121 اور 60 ٹی20 میچز میں 70 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
انڈٰین میڈیا کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ میں جسپریت بمراہ کی جگہ محمد سِراج یا محمد شامی کو سکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

شیئر: