Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈار کی واپسی، پی ایم ہاؤس میں ’جاسوسی‘ اور عمران خان کا غیرملکی سائفر لیک کرنے کا مشورہ سمیت پاکستان سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں

مریم نواز کو ایون فیلڈ مقدمے میں بری کردیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کی لندن سے اسلام آباد واپسی، مفتاح اسماعیل کا بحیثیت وزیر خزانہ استعفیٰ، عمران خان کا غیرملکی سائفر لیک کرنے کا مشورہ اور کراچی کی دودھ پتی چائے میں مائیکرو پلاسٹک کی موجودگی جیسی خبریں گذشتہ ہفتے پاکستان میں دلچسپی کے موضوعات میں شامل رہیں۔
اسحاق ڈار سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے مختلف کیسے ہیں؟
معاشی مشکلات میں گھرے پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اتوار کو اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
 ان کی جگہ تجربہ کار اسحاق ڈار کو لندن میں وزیراعظم شہباز شریف اور حکمران مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے نیا وزیر خزانہ نامزد کردیا ہے۔
 نیب ریفرنس میں نامزد اسحاق ڈار کو جمعے کو ہی احتساب عدالت نے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے پاکستان آکر شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

عمران خان نے الزام لگایا کہ ان کی آڈیو حکومت نے لیک کی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

 اب سائفر لیک ہو تاکہ سب کو پتہ چل جائے کہ کتنی بڑی سازش ہوئی: عمران خان
مبینہ آڈیو سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اب سائفر لیک ہو جائے تاکہ سب کو پتہ چل جائے کہ کتنی بڑی سازش ہوئی ہے۔
بدھ کو پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’اسے شہباز شریف نے لیک کیا ہے۔ بڑا اچھا کیا کہ اسے لیک کیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ ابھی اس پر کھیلے ہی نہیں، اب یہ ایکسپوز کریں گے تو اس پر کھیلیں گے۔‘
مکمل خبر یہاں پڑھیں

دودھ پتی کے 1 ملی لیٹر میں مائیکرو پلاسٹک کے 1 سے 5 ٹکڑے پائے گئے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

کراچی کی مشہور دودھ پتی چائے میں مائیکرو پلاسٹک کی موجودگی کا انکشاف
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں دودھ پتی چائے میں مائیکرو پلاسٹک کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
مائیکرو پلاسٹک پانچ ملی میٹر سے چھوٹے ان ٹکڑوں کو کہا جاتا ہے جو پلاسٹک کی شکست و ریخت کے بعد پیدا ہوتے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف اور جناح یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ مائیکرو پلاسٹک کے ذرات  نہ صرف ماحول کی آلودگی کا سبب بن رہے ہیں بلکہ ہوا، پانی، خوراک یہاں تک کہ ہمارے جسموں کو بھی آلودہ کر رہے ہیں۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

مقدمے میں بریت کے بعد مریم نواز الیکشن لڑنے کے لیے اہل ہوگئی ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر بری
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر ) صفدر کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کردیا جس کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی نا اہلی ختم ہوگئی ہے۔ 
ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کپیٹن (ر) صفدر کی اپیلوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ دیتے ہوئے ملزمان کو بری کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت کی۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

پاکستانی مارکیٹ میں سمندری ہیرا مچھلی کی بہت مانگ ہے۔ (فوٹو: ویڈیو گریب)

کراچی میں لاکھوں روپے مالیت کی نایاب ہیرا مچھلی کا شکار
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے قریب گہرے سمندر میں ابراہیم حیدری کے علاقے میں ماہی گیروں کو لاکھوں روپے مالیت کی ہیرا مچھلی ملی ہے۔
پاکستان کے سمندری حدود میں کم پائی جانے والی ہیرا مچھلی کے جھنڈ کے شکار پر ماہی گیر کافی خوش ہیں۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

قتل ہونے والے دو بھائی 17 سالہ ملزم سے تین سے سات سال بڑے جبکہ ایک نو سال چھوٹا تھا۔ (فائل فوٹو: اےا یف پی)

کوئٹہ میں تین بھائیوں کے قتل کے الزام میں سگا بھائی گرفتار
کوئٹہ میں پولیس کے مطابق بہیمانہ طور پر قتل کیے گئے تین بھائیوں کا قاتل مبینہ طور پر اپنا ہی سگا بھائی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 17 سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس غلام اظفر مہیسر نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ملزم قیس خان نے دوران تفتیش تینوں بھائیوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے تین بھائیوں سیدال خان، زریان خان اور زرنگ خان کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ پر ایک شادی کی تقریب سے  واپس آتے ہوئے قتل کیا۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

ماضی قریب میں عمران خان کے فون کو اسرائیلی سافٹ ویئر سے ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ (فائل فوٹو: اےا یف پی)

پی ایم ہاؤس میں کب کب ’جاسوسی‘ کی کوشش کی گئی؟  
پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کی 100 گھنٹے سے زائد کی آڈیو کی ڈارک ویب پر موجودگی اور اس کی مبینہ نیلامی کے بعد نمونے کے طور پر آنے والی تین لیک آڈیوز کے بعد اسے ملک کے سب سے بڑے دفتر پر سائبر حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ وزیراعظم ہاؤس سے جاسوسی ہوئی ہے اور آڈیو ریکارڈ کی گئی ہیں بلکہ اس سے پہلے بھی ماضی میں کئی ایک واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں سے کچھ واقعات میڈیا کی زینت بنتے رہے ہیں تاہم جاسوسی کے واقعات کے بعد آڈیو یا ویڈیوز لیک نہیں کی گئیں۔  
ماضی قریب میں سابق وزیراعظم عمران خان کے موبائل فون کو اسرائیلی سافٹ ویئر پیگاسس کے ذریعے ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ جولائی 2021 میں امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا پرانا نمبر بھی ہیک کرنےکی کوشش کی گئی تھی۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

شیئر: