Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی پردہ پوشی قانون کی خلاف ورزی پر تین افراد کو سزا

مقامی شہری نے ایک مصری کو اپنے نام سے کاروبار کا موقع دیا۔ (فوٹو سبق)
سعودی عدالت نے تجارتی پردہ پوشی قانون کی خلاف ورزی پر ایک سعودی شہری اور دو مقیم غیرملکیوں کو الزام ثابت ہونے پر سزا سنائی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مقامی شہری نے ایک مصری کو اپنے نام سے ٹھیکیداری کا موقع دیا جبکہ دوسرے مصری کو فائر بریگیڈ کے آلات تنصیب اور اصلاح و مرمت کے کام اپنے نام سے کرنے کی سہولت دی ہوئی تھی۔ 
مقامی شہری غیر ملکیوں کو اپنے نام سے کاروبار کرانے کے لیے قانون کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔ کاروبار کے جملہ اختیارات مصری شہریوں کو تفویض کر رکھے تھے جبکہ کاروبار کی آمدنی کی بیرون مملکت ترسیل کی سہولت بھی فراہم کی۔ دستاویزات سے الزامات درست ثابت ہوگئے تھے۔ 
حائل میں فوجداری کی عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد مصری شہریوں اور سعودی شہری پر 3 لاکھ  80 ہزار ریال جرمانہ اور تینوں کی تشہیر خود ان کے خرچ پر کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے دونوں تجارتی اداروں کو بند کرنے، کاروبار ختم کرنےِ، لائسنس منسوخ کرنے، سجل تجاری خارج کرنے، آئندہ کاروبار نہ کرنے، زکوٰۃ، ٹیکس اور فیس ادا کرنے کے احکام بھی جاری کیے ہیں۔
یہ حکم بھی دیا گیا کہ غیرملکیوں کو مقررہ سزا مکمل کرنے پر مملکت سے بے دخل اور بلیک لسٹ کر دیا جائے۔

شیئر: