عمران خان کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق کارروائی ہوگی: حکومت
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی معیشت تباہ کی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں حکومت نے کہا ہے کہ عمران خان کا سائفر سے متعلق بیان قومی سلامتی کے خلاف ہے اس پر آئین و قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔
سنیچر کو لاہور میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ کسی ملک میں معیشت کو جان بوجھ کر تباہ کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ ’عمران خان نے پاکستان کو بھکاری بنا دیا، ڈیفالٹ کی سرحد پر پہنچا دیا۔‘
وزیر خزانہ نے کہا کہ ’چار پانچ ماہ میں یہ گند صاف نہیں کیا جا سکتا۔ پوری کوشش ہے کہ سلائیڈنگ تباہ ہو رہی تھی اس کو روکیں۔ اس کے بعد اس کو واپس درست سمت لے کر جائیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کرنسی بہتر ہونا شروع ہوئی ہے۔ پچھلے پانچ دن میں اس میں مسلسل مثبت رحجان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں نیشنل سکیورٹی میں نقب زنی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ’عمران خان کا ایجنڈا شاید یہی ہے کہ پاکستان کو تباہ کر دیا جائے۔ سازش اپوزیشن نے نہیں بلکہ انہوں نے خود کی تھی۔‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو وہاں لے آئے جہاں تمام اشاریے خراب ہو چکے ہیں۔ آئین و قانون جو قومی ذمہ داری ہے اس کے مطابق اس معاملے کو آگے لے جائیں گے۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ بہت خوشی ہے کہ بڑی دیر بعد عوام کو گزشتہ روز ریلیف ملا ہے۔ ’عمران خان کی آڈیو سن کر پتا چلتا ہے کہ ملک کے ساتھ کیا کھیل کھیلا گیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس شخص کا نام لینا بھی پسند نہیں کرتی۔ یہ جھوٹ بولتا ہے اور جھوٹ در جھوٹ بولتا ہے اس لیے عوام کے سامنے اس کا چہرہ لانا ضروری ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی ریاست کی حساس دستاویز (سائفر) کے ساتھ ٹیمپرنگ کی گئی۔ ’ملک کے خلاف سازش کی گئی اور اس کے ماسٹر مائنڈ عمران خان ہیں اور ان کے ساتھی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے پاکستان کی سالمیت، جمہوری نظام، سفارتی تعلقات، خارجہ پالیسی اور سکیورٹی کے خلاف سازش کی۔‘
مریم نواز نے کہا کہ اُن کو اپنی حکومت سے بھی شکوہ ہے کہ عمران خان کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور وہ تقریریں کرتا پھر رہا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اس پر جواب دیا کہ موجودہ حکومت اتحادی جماعتوں پر مشتمل ہے اور گزشتہ روز کابینہ نے سائفر کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ’اس معاملے کو پارلیمنٹ میں بھی لے جایا جائے گا اور امید ہے کہ پارلیمان اس پر آرٹیکل چھ کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے گی۔‘
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 25 مئی کے واقعات کے بعد انہوں نے کابینہ سے عمران خان کے خلاف کارروائی کرنے کی مںظوری دینے کی درخواست کی تھی۔