Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آڈیو لیکس میں حکومت کا کردار نہیں، عمران خان کی سازش بے نقاب ہوئی: شہباز شریف

شہباز شریف نے کہا کہ ’ ہمار ا آڈیوز لیک میں کردار ہوتا تو ہم اپنی آڈیوز کیوں لیک کرتے۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کہا ہے کہ آڈیوز لیک کرنے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔‘
جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’ ہم ایسا کرتے تو ہم اپنی آڈیوز کیوں لیک کرتے۔‘
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سے برا عمل کوئی ہو نہیں سکتا کہ کسی کو غدار قرار دیا جائے۔ یہ کام عمران خان کر رہے ہیں۔‘
’میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ سازش کا تانا بانا عمران خان سے جڑ گیا ہے۔ جو آڈیو لیک ہوئی اس میں عمران خان یہی کہہ رہے ہیں کہ ہم نے کھیلنا ہے اور امریکہ کا نام نہیں لینا ہے۔‘
’اس آڈیو کے لیک ہونے کے دو دن بعد میں ایک دوست ملک کے سفیر ملنے آئے۔ وہ مجھے ایک طرف لے گئے۔ اب ایک دوست ملک کا یہ رویہ ہے تو پھر آپ پر کون اعتماد کرے گا۔‘
’عمران خان ایک فراڈیا ہے۔ اس نے پاکستان کو تنہا کیا۔ اس نے افواج پاکستان میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہیں چوکیدار اور نیوٹرل اور نہ جانے کیا کیا کہا۔‘
شہباز شریف نے سائفر سے متعلق سوال کے جواب میں بتایا کہ ’وزیراعظم کی کاپی غائب ہے۔ سائفر ڈی کوڈ نہیں ہو سکتا۔ اگر وہ ڈی کوڈ ہو جائے تو دنیا بھر کے سفارت خانوں سے آنے والی تاریں لیک ہو جائیں۔‘
’عمران خان کے دور حکومت میں ان کی بہن علیمہ خان کو این آر او دیا گیا۔ انہوں نے اپنے اثاثے چھپائے لیکن ایف بی آر نے انہیں کلین چٹ دے دی تھی۔ عمران خان کے دور میں گندم کا جو سکینڈل سامنے آیا اس کے ذمہ داروں کو کلین چٹ کس نے دی۔ یہ تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ تھا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’مریم نواز کے کیس کا نیب قوانین میں ترمیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہیں پرانے قانون کے تحت بے گناہ قرار دیا گیا۔‘
نئے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ’آرمی چیف کی تقرری کا طریقہ کار آئین میں درج ہے۔ آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر عمران خان دوبارہ قوم ہر مسلط ہوا تو یہ اداروں کو اور پاکستان کو تباہ کر دے گا۔ یہ شخص دن رات جھوٹ بولتا ہے۔‘

شیئر: