Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم نواز لندن میں، ایئرپورٹ پر پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز چار برس بعد پاکستان سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن پہنچ گئی ہیں۔
مریم نواز جمعرات کی رات اپنے صاحبزادے جنید صفدر اور بہو عائشہ کے ہمراہ براستہ قطر لندن پہنچیں جہاں ایئرپورٹ پر ان کے بھائی حسین نواز نے ان کا استقبال کیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ان کے خلاف احتجاج کیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے درمیان نعرے بازی اور سخت تکرار بھی ہوئی۔ 
لندن کے ایون فلیڈ اپارٹمنٹس پہنچنے حسن نواز اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے ایون فیلڈ آنے والے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔
 بعد ازاں انہوں نے اپنے والد سابق وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی۔ وہ نواز شریف سے ان کی وطن واپسی کے حوالے سے بھی مشاورت کریں گی۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کا ایک ماہ تک لندن میں قیام کرنے کے بعد 6 نومبر کو وطن واپسی کا امکان ہے۔
لندن میں قیام کے دوران مریم نواز اپنی سرجری بھی کروائیں گی۔

مریم نواز نے لندن پہنچنے کے بعد سب سے پہلے حسین نواز سے ملاقات کی (فوٹو: مسلم لیگ ن ٹوئٹر)

خیال رہے کہ پیر کو لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں مریم نواز کی درخواست قبول کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
مریم نواز نے آخری بار بین الاقوامی سفر جولائی 2018 میں کیا تھا جب وہ اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ لندن سے پاکستان پہنچی تھیں اور انہیں لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
اس سے قبل 29 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کردیا جس کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی نا اہلی بھی ختم ہوگئی۔ 

شیئر: