Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان جا سکتی ہے: بی سی سی آئی

انڈین کرکٹ ٹیم آخری مرتبہ 2008 کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آئی تھی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
اگلے برس پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں انڈین کرکٹ ٹیم کی شمولیت کے حوالے سے مثبت خبریں آ رہی ہیں۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک بَز کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فور کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ’سنہ 2023 پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں انڈین کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے تاہم حتمی فیصلہ انڈین حکومت سے مشروط ہو گا۔‘
کرک بَز نے کہا ہے ’انڈین کرکٹ ٹیم کا پاکستان جانا حکومتی فیصلے سے مشروط ہے تاہم بی سی سی آئی کے ایجنڈے میں انڈین ٹیم کا پاکستان جانا یقینی طور پر موجود ہے۔‘
انڈین مینز کرکٹ ٹیم کے 2023 کے بین الاقوامی ایونٹس کے شیڈول میں پاکستان میں ہونے والا ایشیا کپ بھی شامل ہے۔
کرک بَز کے مطابق اس بارے میں جب بی سی سی آئی سے رابطہ کیا گیا تو ایک عہدیدار نے بتایا کہ ’یہ انڈین حکومت کے فیصلے سے مشروط ہے۔‘
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان کے نجی ٹی وی سے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ بہت بڑا بریک تھرو ہو گا اگر وہ آتے ہیں، لوگوں کو لگتا ہے کہ وہاں زیادہ مشکلات ہیں۔‘
’اصل میں اتنی زیادہ دوریاں ہو گئی ہیں کہ یہاں بھی کام کرنے کی ضرورت ہے اور اندر بیٹھ کر ہم نے بھی فیصلے کرنے ہوں گے، تاہم فینز ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں، جب وہ (انڈین ٹیم) یہاں پر آئیں گے اور دیکھیں گے سارے پاکستانی ان کو خوش آمدید کہیں گے۔‘

 رمیز راجہ نے پاکستان کے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ بہت بڑا بریک تھرو ہو گا اگر انڈین ٹیم پاکستان آتی ہے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انڈین کرکٹ ٹیم آخری مرتبہ 2008 کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آئی تھی جس کے بعد سے اب تک کسی بھی میچ کے لیے پاکستان نہیں آئی ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان آخری بار ٹیسٹ سیریز 2007 میں کھیلے گئی تھی تاہم 2012 میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے دو ٹی20 میچز اور 3 ون ڈے میچز کی مختصر سیریز کے لیے انڈیا کا دورہ کیا تھا۔ گرین شرٹس آخری مرتبہ 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے انڈیا گئی تھی۔
خیال رہے 2023 میں پاکستان میں ہونے والا ایشیا کپ سال کے وسط میں کھیلا جائے گا جبکہ اس کا فارمیٹ ون ڈے ہو گا۔ اسی سال انڈیا میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ بھی شیڈول ہے۔

شیئر: