Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان نے انڈیا کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے سب سے زیادہ 71 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
ایشیا کپ ٹی20 کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے انڈیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ عمدہ کارکردگی پر محمد نواز کا میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے 182 رنز کا ہدف 20 ویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرلیا۔ خوش دل شاہ 14 اور افتخار احمد دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اتوار کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر انڈیا کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
انڈیا نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے تھے۔ وراٹ کوہلی 60 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ 

پاکستان کی اننگز

بڑے ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا محتاط آغاز کیا۔ بابر اس میچ میں بھی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے اور 14 رنز بنا کر روی بشنوئی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
خراب فیلڈنگ کے بعد فخر زمان بیٹنگ میں بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 18 گیندوں پر 15 رنز بنا کر چاہل کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ تھما بیٹھے۔

محمد نواز نے 20 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

لوئر آرڈر سے ٹو ڈاؤن آنے والے محمد نواز نے رضوان کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 73 رنز بنائے۔ وہ 20 گیندوں پر 42 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے۔ انہوں نے 51 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے۔
جارحانہ بلے باز آصف علی نے کیچ ڈراپ ہونے کے بعد ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور آٹھ گیندوں پر قیمتی 16 رنز بنائے۔ انہیں ارشدیپ سنگھ نے آؤٹ کیا۔

انڈیا کی اننگز کا احوال

انڈیا کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہل نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور پاکستانی پیسرز کو خوب چھکے چوکے لگائے۔
دونوں نے پاکستان کے خلاف تیز ترین 50 رنز کی شراکت داری بھی بنائی جس کے بعد روہت شرما 28 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
انڈین کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد کے ایل راہل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رکے اور شاداب خان کی گیند پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سوریا کمار یادو تھے، وہ 13 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کچھ خاص نہ کر سکے اور شاداب خان کی گیند پر آصف علی کو کیچ تھما بیٹھے۔
پاکستان کے خلاف گذشتہ میچ میں انڈیا کو فتح دلانے والے ہاردک پانڈیا کو محمد حسنین نے صفر پر پویلین روانہ کر دیا۔

وراٹ کوہلی نے ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری نصف سینچری بنائی (فوٹو: اے ایف پی)

چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دیپک ہودا تھے وہ 16 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے۔
وراٹ کوہلی نے ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری نصف سینچری بنائی۔ وہ 60 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
ٹاس جیت کر گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ وہ ’پچھلے میچ کا مومینٹم برقرار رکھا چاہتے ہیں۔ آج کے میچ کے لیے شاہنوانی دھانی کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا تھا۔
یہ ٹورنامنٹ میں دوسرا موقع تھا جب پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں مدمقابل آئی ہیں۔
ٹاس کے موقع پر انڈین کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ’وہ بھی پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے۔ اس طرح کے میچوں میں مومینٹم کی بہت زیادہ اہمیت ہوتی ہے۔‘
ایشیا کپ کے اس اہم ترین میچ کے لیے انڈین ٹیم میں بھی تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ رشبھ پنت، روی بشنوئی اور دیپک ہودا کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹورنامنٹ میں انڈیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
انڈیا نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 148 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا تھا۔

شیئر: