Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوات میں امن دشمنوں سے سختی سے نمٹا جائے گا:قومی سلامتی کمیٹی

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ، عوامی نیشنل پارٹی کے راہنما میاں افتخار حسین نے بھی شرکت کی۔ (فوٹو: اے پی پی)
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت  قومی سلامتی کمیٹی نے جمعے کو سوات سمیت ملک کے بعض حصوں میں امن و امان کو خراب کرنے کے واقعات کا جائزہ لیا۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’اجلاس نے واضح کیا کہ پاکستان کے ہر شہری کا لہو نہایت قیمتی ہے اور اسے بہانے میں ملوث ہر فرد سے قانون پوری سختی سے نمٹے گا۔‘
اجلاس میں وفاقی وزرا کے علاوہ سروسز چیفس، حساس اداروں کے سربراہان اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس نے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ حکام نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگز دیں۔
بیان کے مطابق اجلاس نے قرار دیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، پاکستان کی جغرافیائی سالمیت کی حفاظت، آئین اور قانون کی حکمرانی اور ریاستی عمل داری کے لیے قوم اور ریاستی ادارے یک جان اور ایک آواز ہیں۔ ’پوری قوم ان مقاصد پر نہ صرف واضح ذہن کے ساتھ متحد اور یکسو ہے بلکہ ہر قیمت پر ان کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔ ‘
 اجلاس نے مرکزی سطح پر ایپیکس کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا جس کی صدارت وزیراعظم کریں گے۔ انسداد دہشت گردی کے ادارے نیکٹا کو فعال بنایا جائے گا جو صوبائی سطح پر انسداد دہشت گردی کے محکموں (سی ٹی ڈی) کے اشتراک عمل سے کام کرے گا۔
اجلاس نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ انسداد دہشت کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر نظام کو ازسرنو متحرک کیا جائے۔ ’اس کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے اقدامات کی نشاندہی کی جائے تاکہ نظام کو مزید موثر خطوط پر استوار کیا جاسکے۔ یہ نظام نگرانی کے فرائض بھی انجام دے گا تاکہ مسلسل بہتری کا عمل جاری رہے۔‘
اجلاس نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے موثر اقدامات کی منظوری دی۔ اس ضمن میں نیکٹا اشتراک عمل کی ذمہ داری انجام دے گا جبکہ صوبوں کے ذریعے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ 
اجلاس نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ انسداد دہشت گردی کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے۔ جہاں اپ گریڈیشن درکار ہے، کی جائے۔ اس ضمن میں وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ استعداد بڑھانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔
اجلاس میں رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ، عوامی نیشنل پارٹی کے راہنما میاں افتخار حسین نے بھی شرکت کی۔  

شیئر: