Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور جنوبی افریقہ مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کریں گے

دونوں ملکوں نے تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کرنے کے لیے جنوبی افریقہ کے شعبہ ابلاغیات اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے ساتھ تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق تعاون کی یادداشت کا مقصد دونوں ممالک میں معلومات اور مواصلات کے شعبوں کی مارکیٹوں میں تکنیکی ترقی اور وسعت حاصل کرنا ہے۔
ایس پی اے کی ایک رپورٹ کے مطابق تعاون کی یادداشت پر سعودی عرب کے وزیر مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ اور جنوبی افریقہ کے وزیر ٹرانسپورٹ فکیلے مبالولہ نے جدہ میں سعودی جنوبی افریقہ سرمایہ کاری فورم کے موقع پر دستخط کئے۔
عرب نیوز کے مطابق معاہدے کے ایک حصے کے طور پر، دونوں ممالک متعدد شعبوں میں کام کریں گے جن میں تعلیم، صحت، ای گورنمنٹ، سیاحت، سمارٹ سٹیز، فکسڈ اور وائرلیس براڈ بینڈ، آئی پی نیٹ ورکس اور ڈیٹا سینٹرز، انٹرنیٹ ایپلیکیشنز اور وائرلیس سروسز اور سیٹلائٹ مواصلات شامل ہیں۔
یادداشت کے مطابق دونوں ممالک متعدد موضوعات پر بھی تعاون کریں گے جن میں انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل کمیونیکیشن اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو آسان بنانے کے لیے مطالعہ اور تحقیق شامل ہیں۔
سعودی عرب اور جنوبی افریقہ ڈیجیٹل معیشت کی پالیسیوں، تحقیق اور ترقی، اختراعات اور مصنوعی ذہانت، انٹرنیٹ آف تھنگس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور ڈیجیٹل حکومت کے شعبوں میں تعاون کے لیے مل کر کام کریں گے۔
سعودی عرب اور جنوبی افریقہ نے فورم کے دوران سرکاری اور نجی شعبوں میں 11 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جن کا مقصد سرمایہ کاری کے شعبے میں پیش رفت کو فروغ دینا ہے۔
ان معاہدوں میں توانائی، پانی، گرین ہائیڈروجن، لاجسٹکس اور فضائی سروے کی خدمات کے شعبوں کا احاطہ کیا گیا تھا۔
سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے فورم کے دوران کہا کہ ’ مملکت 20 معیشتوں کے گروپ میں سب سے تیز رفتاری سے ترقی کر رہی ہے۔  یہ ریڈ سی کے ساتھ ایک ہزار 200 کلومیٹر کی ساحلی پٹی کے ساتھ تین براعظموں کو جوڑنے والا ایک سٹریٹجک مقام حاصل کرتا ہے جس کے ذریعے عالمی تجارت کا تقریباً 15 فیصد سفر ہوتا ہے۔
خالد الفالح نے یہ بھی کہا کہ ’سعودی عرب  اور جنوبی افریقہ کی تجارت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ یہ 2019 میں 4.6 بلین ڈالر سے بڑھ کر گزشتہ سال تقریباً 4.8 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور 2022 میں اس کے 5.3 بلین ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے‘۔

شیئر: