Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب آپ کی باری ہے‘ صوبائی وزیر عاطف خان کو ٹی ٹی پی کا مبینہ خط

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک و کھیل عاطف خان کو دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے مبینہ خط موصول ہوا ہے جس میں 80 لاکھ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر عاطف خان نے اردو نیوز کو بھتے کا خط موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔
عاطف خان کا کہنا تھا کہ انہیں خط میں دھمکیاں دی گئی ہیں تاہم انہوں نے اس معاملے پر مزید بات کرنے سے انکار کر دیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا ’میں اس معاملے پر مزید بات نہیں کرنا چاہتا۔ خط کی تفتیش کرنا متعلقہ اداروں کا کام ہے۔‘
خیال رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کے ساتھ بھتے کی دھمکیوں اور شدت پسندوں کی جانب سے ٹیلی فون کال کا سلسلہ بھی بڑھ چکا ہے جن سے تاجر، سرمایہ دار اور اب حکومتی وزرا بھی محفوظ نہیں رہے۔
ٹی ٹی پی کی جانب سے عاطف خان کو موصول ہونے والے مبینہ خط پر17 اکتوبر کی تاریخ درج ہے جس میں بھتے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط کے متن کے مطابق ’خط دیکھ کر آپ کو بخوبی اندازہ ہوا ہوگا کہ ہم کون ہیں اور کیا چاہتے ہیں۔‘
خط میں کہا گیا ہے کہ ’عاطف خان ہم  آپ کو قریب سے جانتے ہیں اور آپ کالعدم تحریک طالبان مردان کے مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں اور اب آپ کی باری آچکی ہے۔‘

صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک مرتبہ پھر دیشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ فوٹو: روئٹرز

مبینہ خط میں دھمکی دی گئی ہے کہ ’اگر آپ فہرست سے نکلنا چاہتے ہیں تو ہمارا مطالبہ ماننا پڑے گا یا زندگی سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔‘
خط کے ساتھ سوشل میڈیا پر ایک آڈیو کلپ بھی شئیر ہوا ہے جس میں مبینہ طور پر صوبائی وزیر عاطف خان بھتہ دینے سے صاف انکار کررہے ہیں۔
مبینہ آڈیو کلپ میں عاطف خان کہہ رہے ہیں ’کہ اگر مجھے مارنا چاہتے ہو تو مار دو لیکن پیسے نہیں دوں گا۔‘
دوسری جانب پولیس حکام نے بھی اردونیوز کو بتایا ہے کہ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی خیبرپختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن اراکین کو بھتے کی کالیں موصول ہوچکی ہیں جس کے خلاف انہوں نے مقدمہ بھی درج کیا تھا۔

شیئر: