Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اروناچل پردیش میں انڈین فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو ہلاک

مارچ 2017 سے دسمبر 2021 کے درمیان 15 فوجی ہیلی کاپٹروں کے حادثات میں 31 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فائل فوٹو: انڈین آرمی)
انڈین ریاست اروناچل پردیش کے ضلع اپر سیانگ میں جمعے کو ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جائے حادثہ سے دو فوجیوں کی لاشیں ملی گئی ہیں جبکہ ہیلی کاپٹر میں پانچ افراد سوار تھے۔
رپورٹس کے مطابق ایک ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر مگنگ گاؤں کے پاس گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
انڈین فوج کے ذرائع کے مطابق جائے حادثہ کے مقام تک کوئی زمینی راستہ نہیں جاتا تھا اس لیے ریسکیو کے لیے تین فضائی ٹیمیں بھیجی گئیں جن میں سے دو اس مقام تک پہنچیں۔
ہیلی کاپٹر جس میں فوجی اہلکار سوار تھے، معمول کی پرواز پر تھا جب صبح 10 بج کر 43 منٹ پر حادثے کا شکار ہو گیا۔
چونکہ گاؤں کی طرف جانے کے لیے سڑکیں نہیں ہیں، سوائے ایک پل کے، اس لیے فوج اور فضائیہ کی تین مشترکہ ٹیمیں ایک ایم آئی 17 اور دو دھرو ہیلی کاپٹروں کے ساتھ ریسکیو کے کام میں مصروف ہیں۔ مقامی گاؤں والے بھی امدادی کاررائیوں میں مدد کر رہے ہیں۔
انڈیا کے وزیر قانون کرن رجیجو نے بھی حادثے کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’اروناچل پردیش کے اپر سیانگ ضلع میں انڈین فوج کے ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بارے میں انتہائی پریشان کن خبر موصول ہوئی ہے۔ دل کی گہرائیوں سے دعائیں۔‘
رواں مہینے یہ اروناچل پردیش میں ہونے والا دوسرا ہیلی کاپٹر حادثہ ہے۔ اس ماہ کے آغاز میں توانگ کے قریب ایک چیتا ہیلی کاپٹر کے گرنے سے ایک پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا اور کئی دیگر افراد زخمی ہو گئے تھے۔
 تفصیلات کے مطابق مارچ 2017 سے دسمبر 2021 کے درمیان 15 فوجی ہیلی کاپٹروں کے حادثات میں 31 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: