Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمنی فورسز نے آئل ٹرمینل پر حوثیوں کے ڈرون حملے ناکام بنا دیے

یمنی حکومت کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے کا مقصد جہاز رانی کو خطرات لاحق کرنا ہے( فائل فوٹو اے ایف پی)
یمنی حکومت نے کہا ہے کہ ’جمعے کو سیکیورٹی فورسز نے حضر موت صوبے میں ایک آئل ٹرمینل پرحوثیوں کے ڈرون حملے کو ناکام بنایا ہے‘۔
الریاض اخبار کے مطابق  حضر موت کے کمشنر میخوت بن ماضی  نے بتایا کہ ’ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے المکلا شہر کے مشرقی ضلع شحیر میں الضبہ آئل پورٹ پردو ڈرونز حملے کیے ہیں‘۔
 بارود بردار ڈرونز الضبہ آئل پورٹ کی طرف اس وقت بھیجے گئے جب ایک آئل ٹینکر الضبہ پورٹ پر پہنچا تھا۔ ڈرون حملوں سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
حضر موت کے کمشنر نے کہا کہ’  دو ہفتے قبل حوثیوں نے شبوہ کمشنری کی النشیمہ آئل پورٹ پر بھی حملہ کیا تھا۔ اس سے بھی کوئی نقصان نہیں ہوا تھا‘۔ 
حوثیوں نے ماہ رواں کے شروع میں تیل تنصیبات، تیل کمپنیوں اور بحیرہ احمر و بحیرہ عرب میں آئل کارگو کمپنیوں کو حملوں کی دھمکیاں دی تھیں۔
علاوہ ازیں یمنی حکومت نے کہا ہے کہ’ ڈرون حملے کا مقصد جہاز رانی کو خطرات لاحق کرنا ہے۔ اس سے مصالحت کی کوششیں سبوتاژ ہوں گی‘۔
یمنی حکومت نے بیان میں کہا کہ’ الضبہ پورٹ پر حملے کی کوشش نے پھر ثابت کردیا کہ ایران  مبینہ طور پر دہشت گردی کی سرپرستی کررہا ہے اور اس کے لیے ڈرونز استعمال کیے جارہے ہیں‘۔

شیئر: