Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقتصادی تعلقات کا فروغ، سعودی وزیر توانائی کی انڈین وزرا سے ملاقاتیں

ایک روزہ دورے میں ملاقاتوں کے دوران کئی کاروباری رہنما بھی موجود تھے( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے انڈیا کے ایک روزہ دورے کے دوران اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں انڈین وزیر تجارت اورصنعت پیوش گوئل سے بات چیت کی۔
انڈیا کے  پٹرولیم وزیر ہردیپ سنگھ، بجلی کے وزیر راج کمار سنگھ اور کئی کاروباری رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔
عرب نیوز کے مطابق ستمبر کے اوائل میں، انڈیا میں سعودی عرب کے سفیر صالح بن عید الحسینی نے اپنے دور حکومت میں ریاض اورنئی دہلی کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اورمضبوط کرنے کا عزم کیا تھا۔
صالح بن عید الحسینی نے کہا تھا کہ ’ یہ ہماری باہمی اور فائدہ مند شراکت داری کو مضبوط، تیز کرنے اور اپنے ممالک کے لوگوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش ہو گی‘۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان شراکت داری اس وقت نئی بلندیوں پر پہنچی جب ولی عہد محمد بن سلمان نے فروری 2019 میں نئی دہلی کا دورہ کیا تھا جس کے جواب میں اکتوبر 2019 میں انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے مملکت کا دورہ کیا جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کی سٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کا قیام عمل میں لایا تھا۔
انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ستمبر میں عرب نیوز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ’انڈیا اور سعودی عرب ابھرتے ہوئے ملٹی پولر ورلڈ آرڈر میں اہم کھلاڑی ہیں اور ایسے کئی شعبے ہیں جن میں دونوں ملک مل کر کام کر رہے ہیں‘۔
انہوں نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا تھا کہ ’ انڈیا اور سعودی عرب بڑی معیشتیں ہیں اور عالمی معیشت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ دونوں ممالک معاشی شراکت دار ہیں اور مالی سال (اپریل 2021 سے مارچ 2022) کے دوران دونوں کی تجارت کی مالیت تقریباً 42.86 بلین ڈالر رہی‘۔
انڈیا اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات میں توانائی بھی ایک اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ نئی دہلی اپنے خام تیل اور مائع پٹرولیم گیس کی ضروریات کا تقریباً 18 اور 22 فیصد مملکت سے درآمد کرتا ہے۔
انڈیا کے ساتھ سعودی عرب کے تجارتی تعلقات ابتدائی سالوں میں زیادہ تر توانائی تک محدود تھے لیکن اب دونوں ممالک نے سیکورٹی، سرمایہ کاری، صحت، فوڈ سیکورٹی اور ثقافت سمیت دیگر شعبوں میں اپنے تعلقات کو وسیع کر لیا ہے۔

شیئر: