Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انہیں بہت سا پیار بھیجو، ٹی20 ورلڈ کپ ابھی تو شروع ہوا ہے‘

انڈیا سے اعصاب شکن میچ ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم کے کھلاڑی ڈریسنگ روم میں بھی شدید پریشان نظر آئے (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے بلاک بسٹر پاکستان اور انڈیا میچ کے نتیجے کے بعد جہاں پاکستانی مداح صدمے سے دوچار ہیں، وہیں پاکستان ٹیم کے کھلاڑی بھی پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک بز کے آسٹریلیا میں نمائندے بھارت سندریشن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں یہ بتایا کہ میلبرن سے پرتھ جانے والی فلائٹ میں سوار پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی افسردہ نظر آرہے ہیں۔
بھارت سندریشن لکھتے ہیں کہ ’جس فلائٹ پر میں پرتھ جارہا ہوں اس پر پاکستان کے کھلاڑی نظر آئے ہیں، گزشتہ روز کے میچ کے بعد ان کے چہرے پر رنج اور مایوسی خوب نظر آرہی ہے، خاص طور پر محمد نواز کے چہرے پر، چلو پاکستان فینز، انہیں بہت سا پیار بھیجو، ٹی20 ورلڈ کپ ابھی تو شروع ہوا ہے۔‘
انڈیا سے اعصاب شکن میچ ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم کے کھلاڑی ڈریسنگ روم میں بھی شدید پریشان نظر آئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے یوٹیوب پر اپلوڈ ہونے والی ویڈیو میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم، مینٹور میتھیو ہیڈن اور کوچ ثقلین مشتاق کی تقریر کے دوران کھلاڑی غم سے ںڈھال خاموش بیٹھے نظر آئے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم میلبرن سے پرتھ پہنچ گئی ہے جہاں 27 اکتوبر کو وہ ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔
کرک بز کے صحافی بھارت سندریشن کے ٹویٹ کے جواب میں صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔
عاقب شہزاد لکھتے ہیں کہ ’پاکستان ٹیم کے ہر کھلاڑی کو پیار اور ہَگ، انہوں نے گزشتہ روز پوری کوشش کی، ہمیں ان پر فخر ہے، ہمت سے کام لو۔‘
رضی سٹین نامی ایک ہینڈل نے لکھا کہ ’یار، یہ ہمارا پہلا میچ تھا اور ہم نے آخری بال تک لڑائی کی، ہمارے پاس ابھی پورا ٹورنامنٹ پڑا ہے اور ہم اگلے راؤنڈ تک ابھی بھی جا سکتے ہیں، امید ہے کہ اگلے کچھ میچ ہمارے اعتماد میں اضافہ کریں گے۔‘
مون نے کہا کہ ’وہ ہر شعبے میں ہم سے اچھا کھیلے ہیں، صرف بد قسمتی اور وراٹ کوہلی ان کے آڑے آگئے، ہمیں ہمت کرنی چاہیے اور ان کی ہمت کی داد دینے چاہیے، ابھی ٹورنامنٹ میں لمبا آگے جانا ہے۔‘
 

شیئر: