Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارشد شریف کو میں نے کہا تھا کہ ملک چھوڑ کر چلے جاؤ: عمران خان

سابق وزیراعظم عمران خان نے ارشد شریف کی ہلاکت کو ’ٹارگٹ کلنگ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اسے کہا تھا کہ تمہاری جان کو خطرہ ہے ملک چھوڑ کر چلے جاؤ۔‘
منگل کو پشاور میں وکلا کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’ارشد شریف کو پتا تھا ان کی جان خطرے میں ہے، اسے بار بار وارننگز آ رہی تھیں میں نے اسے بتایا لیکن اس کے باوجود وہ راہِ حق سے پیچھے نہیں ہٹا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ارشد شریف حق اور سچ پر کھڑا ہونے والا محب وطن پاکستانی تھا، جسے نہ کوئی ڈرا سکتا تھا نہ خرید سکتا تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’صحافت میں سب زیادہ عزت میں ارشد شریف کی کرتا تھا کیونکہ ان کے ضمیر کی کوئی قیمت نہیں تھی۔ مجھے نہایت رنج ہے کیسے انہیں شہید کردیا گیا۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ’اعظم سواتی کو بند کمرے میں برہنہ کرکے تشدد کیا گیا۔ اسلام آباد میں ایک ڈرٹی ہیری آگیا ہے۔ جانوروں کا معاشرہ ظلم کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’میں ان کے سامنے نکلوں گا، فیصلہ کیا ہے جب تک زندہ ہوں ظالموں کا مقابلہ کروں گا۔ یاد رکھیں اللہ نے کسی کو نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی۔‘
انہوں نے وکلا برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’جس مرحلے پر ملک کھڑا ہے، یہ آپ سب کے لیے چیلنج ہے۔ اللہ کا حکم ہے میری زمین پر انصاف قائم کرو۔ انسانی معاشرہ تب بنتا ہے جب کمزور کو طاقتور سے تحفظ ملے۔‘

شیئر: