Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارشد شریف کی ہلاکت: مکمل تحقیقات کرائی جائیں، آئی ایس پی آر

لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ’الزام تراشی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے‘ (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ ’ارشد شریف کی ہلاکت کی مکمل تحقیقات کے لیے جی ایچ کیو نے حکومتِ پاکستان سے درخواست کی ہے۔‘
منگل کو نجی ٹی وی چینل 24 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا کہ کینیا کی حکومت کی جانب سے تفصیلات مل رہی ہیں۔ اس ساری صورتحال پر اعلیٰ سطح پر تحقیقات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’سانحے کو جواز بنا کر من گھڑت الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ تحقیقات سے سب کو جواب مل سکے گا۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے حکومت پاکستان سے درخواست کی۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’یہ تحققیات ان حالات کی ہی نہیں ہونی چاہییں کہ وہاں پر کیا ہوا بلکہ ان حالات کی بھی ہونی چاہییں کہ ارشد شریف کو پاکستان سے جانا کیوں پڑا، کس نے ان کو مجبور کیا یہاں سے جانے کے لیے اور کیسے گئے اور اس دوران کہاں پر رہے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’دیکھنا یہ ہے کہ اس افسوسناک واقعے کو بے بنیاد جواز بنا کر کون فائدہ اٹھانا چاہ رہا ہے۔ جو بغیر ثبوت الزام تراشی کر رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔‘
 لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ’ہم سب کو ارشد شریف کی ناگہانی وفات پر بہت تکلیف ہے، بہت افسوس ناک واقعہ ہے، وہ بہت پروفیشنل صحافی تھے۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے جتنے آپریشنز ہوئے، آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے دوران فیلڈ میں جا کر رپوٹنگ کرتے رہے اور جو پروگرام کیے وہ ٹیکسٹ بک جرنلزم کی مثال کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔‘

شیئر: