Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرے دن کا لانگ مارچ وقت سے پہلے ختم، عمران خان واپس لاہور کیوں چلے گئے؟

عمران خان کا کہنا ہے کہ ’ہم نے تاریکی میں سفر نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اس لیے لاہور آگیا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کا دوسرے روز کا لانگ مارچ مریدکے پہنچ کر شام سات بجے ہی عارضی طور پر روک دیا گیا۔
اس حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ’ہم نے تاریکی میں سفر نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور لاہور چونکہ قریب تھا اس لیے میں یہاں آگیا۔‘
صوبائی دارالحکومت سے یہ خبریں بھی آرہی ہیں کہ کچھ اہم شخصیات اس وقت لاہور پہنچ چکی ہیں۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی اس وقت لاہور میں ہی ہیں۔
تاہم عمران خان نے لاہور پہنچنے کے بعد ایک ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ’لاہور میں میری ملاقاتوں کے حوالے سے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔‘
’میں گذشتہ 6 ماہ سے صرف صاف اور شفاف انتخابات کا ہی مطالبہ کر رہا ہوں۔ اگر مذاکرات ہوتے ہیں تو ہمارا یہ ہی مطالبہ ہوگا۔‘
اس سے قبل اس حوالے سے فواد چودھری نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ’آج کا مارچ ابھی ختم ہو رہا ہے، حقیقی آزادی مارچ  کل 11 بجے صبح مرید کے سے دوبارہ شروع ہو گا۔‘
 تاہم انہوں نے اس بات کی کوئی وضاحت نہیں کی ہے کہ وقت سے پہلے لانگ مارچ کیوں ختم کیا گیا ہے۔
 البتہ مقامی ٹی وی چینلز یہ خبر چلا رہے ہیں کہ سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر مارچ کو وقت سے پہلے روک لیا گیا۔
شیڈول کے مطابق تحریک انصاف کا لانگ مارچ دوسرے روز کامونکی میں رات 10 بجے پہنچنا تھا تاہم شام سات بجے مریدکے پہنچنے کے بعد اچانک مارچ روک دیا گیا۔
اعلان سے آدھا گھنٹہ قبل ہی عمران خان زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گاہ کی جانب روانہ ہوگئے تھے۔
 

شیئر: