Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی پیش کش نہیں: رانا ثنااللہ

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ’ہم ہر قیمت پر اسلام آباد میں تمام شہریوں اور املاک کی حفاظت کریں گے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بندوقیں اکٹھی کر رہی ہے اور ان حالات میں حکومت ان کے ساتھ کیسے مذاکرات کر سکتی ہے۔
سنیچر کو وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ان کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے۔ یہ ایک طرف اسلحہ اکٹھا کر رہے ہیں تو ان کے ساتھ مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں۔ ان کو مذاکرات کی کوئی پیشکش نہیں۔‘
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ’یہ فتنہ اپنے اس شیطانی کھیل کو اس شیطانی مارچ کے ذریعے سے پورا کرنا چاہتا ہے، یہ اسلام آباد آکر جلسہ کرنا تو اس کا مقصد نہیں ہوسکتا، اس کا مقصد یہی ہے کہ یہ لاشیں گرائے، امن و امان کی ایسی صورتحال پیدا کرے کہ لوگ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ الجھ پڑیں، اپنے ہی بندوں کی لاشیں گرا دے اور پھر ہو یہ کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ کیا ہے۔‘
انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت میں وفاقی وزیر کے عہدے پر رہنے والے امین گنڈا پور کی ایک مبینہ آڈیو بھی چلائی اور الزام لگایا کہ وہ لانگ مارچ میں اسلحہ لے کر آ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو معلومات فراہم کی ہیں اور کہا ہے کہ انہیں گرفتار کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ’میں خیبرپختونخوا کی حکومت اور خاص طور پر آئی جی اور چیف سیکریٹری کو خبردار کرتا ہوں کہ آپ اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے کیونکہ یہ خیبرپختونخوا کی حدود میں موجود ہے، ان دونوں افراد کو اور جن بندوں کو یہ اکٹھا کررہے ہیں، ان کو گرفتار کریں، اور اسلحے کو اپنے قبضے میں لیں۔‘
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ علی امین گنڈا پور اسلام آباد میں ہوتا تو گرفتار کرلیتے، کسی بھی آپریشن کی کامیابی کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ اسے آن ائیر نہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے سائفر کے ساتھ کھیلا اور رجیم چینج کا بیانیہ گھڑا۔‘
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ’ہم ہر قیمت پر اسلام آباد میں تمام شہریوں اور املاک کی حفاظت کریں گے۔ لانگ مارچ کے خلاف ردعمل دیں گے، عمران خان کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘

شیئر: