Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریٹائرمنٹ کے بعد کوکین کا عادی ہوگیا تھا: وسیم اکرم کا انکشاف

وسیم اکرم نے کہا کہ انہوں نے کوکین کا استعمال اپنی بیوی ہما کے 2009 میں انتقال کے بعد ترک کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے انکشاف کیا ہے کہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کوکین کے نشے کے عادی ہو گئے تھے۔
کرک انفو کے مطابق وسیم اکرم نے یہ بات اپنی آنے والی سوانح عمری ’سلطان: اے میموائر‘ میں لکھی ہے۔
وسیم اکرم 2003 میں کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں یہ عادت ریٹائرمنٹ کے بعد پڑی اور اپنی پہلی بیوی ہما کی 2009 میں وفات کے بعد ختم ہوئی۔
ان کے انٹرویو کے ساتھ ان کی کتاب کے اقتسابات ’دی ٹائمز‘ میگزین میں شائع ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’مجھے اس کا عادی ہونا اچھا لگا۔ مجھے پارٹی کرنا اچھا لگا۔ جنوبی ایشیا میں شہرت کا کلچر آپ کو اس میں ڈھال دیتا ہے۔ آپ ایک رات میں دس پارٹیز میں شرکت کر سکتے ہیں اور کچھ لوگ ایسا کرتے ہیں۔ یہ مجھ پر حاوی ہو گئی۔‘
’سب سے بری بات یہ ہوئی کہ میں کوکین پر انحصار کرنے لگا۔ یہ اس وقت شروع ہوا جب انگلینڈ میں ایک پارٹی کے دوران مجھے آفر کی گئی۔ میں اسے زیادہ استعمال کرنے لگا۔‘
ان کے مطابق ’اس نے مجھے غیر مستحکم کر دیا اور دھوکہ باز بنا دیا۔ مجھے معلوم اس وقت ہما اکثر اکیلی رہتی تھی۔ وہ اپنے والدین اور رشتہ داروں کے قریب کراچی میں رہنا چاہتی تھیں۔ میں ہچکچاتا تھا۔ کیوں؟ کیونکہ میں اکیلا پارٹی کرنے کے لیے کراچی جانا چاہتا تھا۔ میں ظاہر کرتا تھا کہ کوئی کام ہے لیکن حقیقت میں پارٹی کرنے جاتا تھا۔‘

وسیم اکرم کے مطابق ’آخر کار ایک دن ہما نے میرے بٹوے سے کوکین برآمد کر کے مجھے پکڑ لیا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’آخر کار ایک دن ہما نے میرے بٹوے سے کوکین برآمد کر کے مجھے پکڑ لیا۔ اس نے کہا تمہیں مدد کی ضرورت ہے۔ میں نے اتفاق کیا۔ چیزیں ہاتھ سے نکل رہی تھیں۔ میں اس پر قابو نہ پا سکا۔ ایک لائن سے دو لائنز، دو سے چار اور پھر چار سے بات ایک گرام اور ایک گرام سے دو گرام پر چلی گئی۔ مجھے نیند نہیں آتی تھی۔ میں کھا نہیں سکتا تھا۔ میں نے ذیابطیس کو نظر انداز کر دیا جس کے سے میرے سر میں درد رہنے لگا اور موڈ خراب ہونے لگا۔‘
وسیم اکرم علاج کے لیے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر دھوکہ باز تھا جو مریضوں کا علاج کرنے کے بجائے فیملیز کو لُوٹتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے کیے پر شرمندہ تھا۔ میرے فخر کو دھچکا لگا، لیکن میں نے یہ کام جاری رکھا۔ میں کچھ دیر طلاق لینے پر غور کیا۔ پھر میں 2009 کی آئی سی سی چیمپیئن ٹرافی کے لیے چلا جہاں میں ہما کی روزانہ کی پوچھ گچھ سے دور تھا۔ میں اسے دوبارہ استعمال کرنا شروع کر دیا۔‘
وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوکین کا استعمال اپنی بیوی ہما کے 2009 میں انتقال کے بعد ایک نایاب فنگل انفیکشن ہونے کے بعد ترک کیا۔

شیئر: