Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی گلوبل آرٹ مقابلہ جیتنے والوں کے لیے خصوصی انعامات

12 کامیاب بچے گلوبل آرٹ مقابلوں میں حصہ لینے ملائیشیا جائیں گے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض کے گلوبل آرٹ الفلاح سینٹر میں 100 سے زیادہ بچوں نےسعودی عرب  کے سب سے بڑے قومی آرٹ مقابلوں میں سے ایک میں حصہ لیا۔
عرب نیوز کے مطابق  ریاض، جدہ  اور  ینبع میں گلوبل آرٹ کے زیر تحت چلنے والے مراکز سے 3 سے 15 سال کی عمر کے بچوں نے اپنی صلاحیت کے بل پرآرٹ کے مختلف نمونے بنائے۔

پروگرام کا مقصد بچوں کو پیشہ ور آرٹسٹ بننے کی تربیت دینا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

قومی آرٹ مقابلوں میں بارہ  ہونہار بچوں کے جیتنے کا اعلان کیا گیا جس کے بعد انہیں ٹرافی دی گئی اور ساتھ ہی ساتھ آٹھ مرکز میں ایک ماہ کی مفت تربیت بھی دی جائے گی۔
آرٹ مرکز میں کامیاب ہونے والے 12 بچے دیگرعالمی آرٹ اداروں کے بچوں سے گلوبل آرٹ مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے 4 دسمبر کو ملائیشیا جائیں گے۔
گلوبل آرٹ سینٹر ریاض کے سی ای او ثمرالمغربی نے بتایا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ مملکت میں تیسری بار قومی آرٹ مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں خصوصی  توجہ کے حامل بچوں سمیت دیگر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
مقابلے کا مقصد  ایسےطلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کے معیار کو بڑھانا اور ان کے لیے بہترین تجربہ پیدا کرنا تھا، جس کی مدد سے وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہوئے اپنی  خود اعتمادی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

گلوبل آرٹ ٹیم کے ساتھ مل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

گلوبل آرٹ سینٹر کی مختلف شاخوں میں تین ہفتوں کی سخت تربیت کے دوران سکھائی جانے والی تکنیکوں میں شرکاء کی مہارتوں کی بنیاد پر جائزہ لیا گیا۔
ینبع میں گلوبل آرٹ سینٹر کی مالک فاطمہ العواد نے بتایا کہ ہم نے اپنے ہاں  طالب علموں کو  ان بنیادی مہارتوں کی تربیت دینے کے لیے  معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے خاص  پروگرام ترتیب  دئیے۔
انہوں نے بتایا کہ مقابلوں میں حصہ لینے والے بچوں کی اہم زمروں میں درجہ بندی کی گئی جس میں جونیئر اور فاؤنڈیشن کے طلباء بھی شامل تھے۔
تمام شرکاء اپنے سبق پر توجہ رکھنے اور مقابلے کی تفصیلات جاننے کے لیے باقاعدگی سے کلاسوں میں شرکت کرتے رہے ہیں۔
فاطمہ العواد نے حالیہ مقابلوں کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر سال عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔

مملکت میں تیسری بار قومی آرٹ مقابلوں کا انعقاد ہو رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

انہوں نے بتایا کہ ینبع میں گلوبل آرٹ سینٹر کا آغاز گزشتہ فروری میں فائن آرٹس کی ایک ممتاز اکیڈمی بنانے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔
ہمارا  مرکز 4 سے 15 سال کی عمر کے بچوں اور بچیوں کو ان کی عمر کے مطابق  تربیتی پروگرام میں حصہ دیا جاتا ہے جس کا مقصد پیشہ ور آرٹسٹ بننے کی تربیت دینا ہے۔
اس موقع پر موجود 7 سالہ طالبہ کی والدہ خلود نے کہا ہے کہ  گلوبل آرٹ ٹیم کے ساتھ مل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے، یہ بچوں کے ساتھ نہایت مہربان ہیں اور بچے ان کے ساتھ خوش ہیں۔
مرکز کے مکمل  تعاون کے ساتھ میری بیٹی نے پورے جذبے سے مقابلے کی تیاری کی ہے اور تخلیقی صلاحیتیں سیکھنے اور علمی مہارت کو فروغ دینے میں میری بیٹی کی  مدد کی ہے۔
یہاں موجود ایک اور خاتون ریم نے کہاکہ میری بیٹی کے لیے مقابلے کی تیاری بہت عمدہ رہی ۔ گلوبل آرٹ کی  میں انتہائی شکر گزار ہوں کہ ہمیں اس میں شامل ہونے کا موقع ملا اور فنکارانہ صلاحیتوں کو فروغ دیتے ہوئے کچھ نیا تجربہ  حاصل ہوا۔
 
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: