Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں بحری جہازوں کی آمد ورفت میں 7 فیصد اضافہ

2021 میں 13 ہزار 200  بحری جہاز سعودی بندرگاہوں پر پہنچے ۔( فوٹو عرب نیوز)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں بحری جہازوں کی آمدورفت میں گزشتہ سال کے مقابلے 2021 میں7 فیصد اضافہ ہواہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ’ 2021 میں 13 ہزار 200  بحری جہاز سعودی عرب کی بندرگاہوں پر پہنچے‘۔
رپورٹ کے مطابق’ جدہ اسلامک پورٹ کا 41 ہزار بحری جہازوں کی آمدورفت کے ساتھ سب سے زیادہ حصہ تھا۔ اس کے بعد جبیل میں کنگ فہد انڈسٹریل پورٹ کا نمبر آتا ہے جہاں جہازوں کی آمدورفت ایک ہزار 900 تک پہنچ گئی‘۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ’ 2021 میں سعودی عرب کی تمام بندرگاہوں پر اتارے گئے سامان کی کل مقدار 119.8 ملین ٹن تک پہنچ گئی‘۔
جدہ اسلامک پورٹ پر سب سے زیادہ سامان اتارا گیا جو سعودی بندرگاہوں پر آنے والے سامان کا مجموعی طور پر 29 فیصد  ہے۔ اس کے بعد کنگ فہد انڈسٹریل پورٹ 22 فیصد کے ساتھ ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’جازان پورٹ پر سامان اتارنے کی شرح سب سے کم فیصد تھی جو سعودی عرب کی مجموعی بندرگاہوں کا ایک فیصد ہے‘۔
جہاں تک تجارتی بندرگاہوں کا تعلق ہے، 2021 میں اتارے گئے سامان میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 18 فیصد کمی واقع ہوئی۔
رپورٹ میں اشارہ کیا گیا ہے کہ تجارتی بندرگاہوں پر اتارے جانے والے مجموعی سامان کا 51 فیصد کھانے پینے کی اشیا کا تھا جو  2021 میں تجارتی بندرگاہوں پر اتارا جانے والا سب سے بڑا سیگمنٹ بنا۔
2021 میں سعودی عرب کی بندرگاہوں سے سفر کرنے والے مسافروں کی مجموعی تعداد چھ لاکھ، 52 ہزار تک پہنچ گئی جو 2020 کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے۔

سعودی بندرگاہوں نے اس سال 601 ملین ٹن کی مجموعی صلاحیت برقرار رکھی ہے(فوٹو عرب نیوز)

سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ’ جازان پورٹ پر آنے اور جانے والے مسافروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جو چار لاکھ، 60 ہزار تک پہنچ گئ یا سعودی عرب کی بندرگاہوں سے سفر کرنے والے مسافروں کی مجموعی تعداد کا 71 فیصد ہے‘۔
رپورٹ کے مطابق سعودی بندرگاہوں نے اس سال 601 ملین ٹن کی مجموعی صلاحیت برقرار رکھی۔
جوبیل میں کنگ فہد انڈسٹریل پورٹ کی گنجائش 210 ملین ٹن تھی جو اسے تمام سعودی بندرگاہوں میں سب سے بڑی بندرگاہ بناتی ہے۔ جدہ اسلامی پورٹ 2021 میں 130 ملین ٹن کے حجم کے ساتھ دوسری نمبر پر رہی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی بندرگاہوں میں سٹیشنز کی مجموعی تعداد 32 ہے۔ سب سے زیادہ سٹیشنز ینبع میں کنگ فہد انڈسٹریل پورٹ سے متعلق ہیں۔

شیئر: