Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا اسلام آباد میں ’صنف آہن‘ کا مجسمہ انتہا پسندی کا نشانہ بنا؟ 

انتظامیہ کے مطابق صنف آہن کے مجسمے کی توڑ پھوڑ کے شواہد نہیں ملے۔ فوٹو: ٹوئٹر
سوشل میڈیا پر اسلام آباد کے کچنار پارک میں موجود ’صنف آہن‘ کے مجسمے کے حوالے سے اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ ’نامعلوم انتہا پسندوں نے نفرت انگیزی اور شرپسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کا شکار کیا۔‘ 
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تصویریں بھی شیئر کی گئیں جن میں مجسمے کو زمین پر گرے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔  
اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں واقع کچنار پارک کے نگران حافظ وسیم نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’مجسمے کا اوپری حصے کا وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے بنیاد ٹیڑھی ہو گئی تھی اور مجسمہ نیچے گر گیا تھا تاہم کسی قسم کی توڑ پھوڑ کے شواہد نہیں ملے۔‘
 حافظ وسیم کے مطابق ’سوشل میڈیا پر جس طرح شدت پسندی کے واقعے کے ساتھ اسے جوڑا جا رہا ہے وہ بالکل درست نہیں ہے۔ مجسمہ کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ’لوہے سے تیار کردہ مجسمے کا اوپر والا حصہ اتنا بھاری ہے کہ پانچ چھ بندوں نے اسے دوبارہ کھڑا کیا ہے اور اپنے وزن کی وجہ سے ہی اس کی لوہے کی بنیادیں ٹیڑھی ہوگئی تھیں جس کی مرمت کا کام فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔‘ 
سوشل میڈیا پر مبینہ شدت پسندی کے واقعے کی اطلاع پھیلنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس کے اعلی حکام نے پارک کا دورہ کیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کی۔  
کچنار پارک کا دورہ کرنے پر معلوم ہوا کہ مجسمے کی بنیاد زنگ آلود ہوچکی ہے۔
پارک انتظامیہ کے مطابق ’صنف آہن‘ کا مجسمہ ہار نہ ماننے والی خاتون سے منسوب ہے اور اسے گزشتہ سال پارک میں نصب کیا گیا تھا۔  
دوسری جانب کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے واقعے سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ‘کچنار پارک میں مجسمے کی توڑ پھوڑ کے افسوسناک واقعے کے حوالے سے ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ دریں اثناء اسے از سر نو ترتیب دے دیا گیا ہے اور تمام پارکوں کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔‘
سی ڈی اے کے مطابق ’عملے کی غفلت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘  
سوشل میڈیا پر طاہر نعیم ملک صارف نے واقعے سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسلام آباد آئی ایٹ کے معروف کچنار پارک میں مشہور مجسمے صنف آھن کو نامعلوم انتہا پسندوں نے نفرت انگیزی اور شرپسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کا شکار کر دیا۔ اس واقعے سے آپ معاشرے میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور شدت پسندی کی لہر کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔‘  

صنف آہن کا مجسمہ زنگ آلود ہونے کی وجہ سے گر گیا تھا۔ فوٹو: اردو نیوز

سینئیر صحافی افتخار شیرازی نے تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’صنف آہن ۔۔ ہار نہ ماننے والی خاتون سے منصوب اسلام آباد کے کچنار پارک میں لگا مجسمہ نامعلوم افراد نے گرا دیا۔‘

شیئر: