Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کے کنٹینر پر حملہ عالمی میڈیا کی ہیڈ لائنز میں

کچھ انڈین ویب سائٹس نے سنسنی خیز مگر حقائق کے برعکس ہیڈ لائنز بھی چلائیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ اور ان کے زخمی ہونے کی خبر عالمی میڈیا نے ہیڈلائنز میں چلائی اور دنیا کے چھوٹے بڑے میڈیا کے اداروں نے اپنی ویب سائٹس پر اس کو نمایاں جگہ دی۔
جمعرات کو پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان پاکستان کے شہر وزیرآباد میں اپنے کنٹینر پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوگئے۔ ان کی ٹانگ پر گولیاں لگی ہیں اور وہ لاہور کے شوکت خانم ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اس خبر کو اپنی ہیڈلائنز میں چلایا۔ سی این این ویب سائٹ کے فرنٹ پیچ پر موجود خبر کی ہیڈلائن تھی ’پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان پر مبینہ قاتلانہ حملہ میں ان کے پاوں پر گولی لگ گئی۔‘
خبر میں وزیرآباد کا نقشہ بھی دکھایا گیا ہے۔
بی بی سی انگلش کی ویب سائٹ پر عمران خان کی خبر لیڈ سٹوری کے طور پر پبلش کی گئی ہے ۔ خبر کی ہیڈ لائن ہے ’پاکستان کے سابق وزیراعظم احتجاجی مارچ میں گولی لگنے سے زخمی
انڈیا کے تقریبا تمام بڑے چینل پر عمران خان پر حملے کی خبر کو بریکنگ نیوز کے طور پر چلایا گیا اور اردو نیوز سمیت پاکستانی میڈیا کی فوٹیج بھی چلائی گئی۔
کچھ انڈین ویب سائٹس نے سنسنی خیز مگر حقائق کے برعکس ہیڈ لائنز بھی چلائیں۔
عرب میڈیا میں بھی عمران خان پر حملے کی خبر نمایاں طور پر چلائی گئی۔ خلیج ٹائمز نے خبر لگائی کہ ’لانگ مارچ کے دوران پاکستان کے عمران خان کی ٹانگ پر گولی لگ گئی۔‘
خبر میں عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی ویڈیو بھی دکھائی گئی ہے۔

شیئر: