Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج وعودہ پرگئےافراد کے ویزے میں توسیع کس طرح؟

فیس جمع کرتے وقت درست آپشن کا انتخاب نہ ہوسکے تو خروج وعودہ میں توسیع نہیں ہوتی (فوٹو: ٹوئٹر)
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے ذمہ مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے اقاموں کے اجرا اورتجدید کے علاوہ ایگزٹ ری انٹری اورخروج نہائی کے امورہوتے ہیں۔ 
وہ تارکین جواپنے اہل خانہ کے ہمراہ مقیم ہیں انہیں اقامہ تجدید کرانے کےلیے اہل خانہ کی فیس ادا کرنا ہوتی ہے جس کے بغیر تجدید نہیں ہوسکتی۔ یہ فیس 400 ریال ماہانہ فی فرد کے حساب سے لی جاتی ہے۔
اردو نیوز کا فیس پیج لائک کریں
جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’اہلیہ خروج وعودہ پرگئی ہوئی ہیں اس دوران اقامہ ایکسپائرہوگیا، وہ چونکہ میری زیرکفالت ہیں اس لیے ان کا اقامہ بھی میرے اقامے کے ساتھ ہی ہے۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ اقامہ کی تجدید کے بعد اہلیہ کے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی جاسکتی ہے کہیں انہیں خروج وعودہ کی خلاف ورزی ’خرج ولم یعد‘ میں تو شامل نہیں کردیاجائے گا؟‘
جواب میں جوازات کا کہنا تھا مذکورہ کیس میں اقامہ تجدید کرنے کے بعد اہلیہ کے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرائی جاسکتی ہے۔ 
مملکت میں مقیم غیرملکی کارکن جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مقیم ہیں ان کے اہل خانہ کا اقامہ سربراہ خانہ کے اقاموں سے منسلک ہوتا ہے۔ 
سربراہ خانہ کا اقامہ ایکسپائرہونے کی صورت میں اہل خانہ کا اقامہ بھی ایکسپائرہوگا۔ اس صورت میں جب سربراہ خانہ کا اقامہ تجدید کیا جاتا ہے تو اہل خانہ کے اقامہ کی بھی تجدید ہوتی ہے تاہم اس کےلیے ضروری ہے کہ مقررہ فیس ادا کی جائے جو ماہانہ بنیاد پروصول کی جاتی ہے۔ یہ فیس رواں برس 400 ریال فی فرد کے حساب سے وصول کی جاتی ہے۔
اہل خانہ پرعائد ماہانہ فیس کی عدم ادائیگی کی صورت میں سربراہ خانہ کے اقامہ کی تجدید بھی نہیں کی جاتی۔
خروج وعودہ پر جانے والوں کے ایگزٹ ری انٹری کی مدت میں توسیع کے حوالے سے اس بات کا خیال رکھا جائے کہ خروج وعودہ کی فیس جو کہ 100 ریال ماہانہ ہے اسے ادا کرتے وقت درست طریقہ اختیار کریں، بصورت دیگر فیس مطلوبہ درخواست کی مد میں جمع نہیں ہوگی جس سے بیرون مملکت گئے ہوئے افراد کے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع نہیں ہوسکے گی۔
بیرون مملکت گئے ہوئے افراد کے خروج عودہ کی مدت میں توسیع کے لیے بینک کے سداد سسٹم میں دو آپشن ہیں ایک خروج وعودہ کی فیس اوردوسرا آپشن ’بیرون مملکت ایگزٹ ری انٹری کی توسیع‘ بعض افراد غلطی سے فیس جمع کراتے وقت صرف خروج وعودہ کی فیس کا آپشن استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی درخواست پرعمل نہیں ہوتا اورانہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اردو نیوز کا یوٹیوب چینک سبسکرائب کریں

اگرغلطی سے خروج وعودہ کے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے فیس جمع کرائی گئی ہے تو اسے درست کرنے کے لیے فیس واپس لی جائے اوردوبارہ درست آپشن کو اختیار کرکے فیس جمع کرائی جائے۔
بیرون مملکت گئے ہوئے افراد کے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے لیے اس امر کا خیال رکھا جائے کہ فیس اسی وقت سے شمار ہوگی جوایگزٹ ری انٹری کی آخری تاریخ تھی۔ اگر ویزہ ایکسپائر ہوئے ایک ماہ گزرچکا ہے اس صورت میں کم از کم دو ماہ کی فیس جمع کرانا ہوگی۔ ایک ماہ ایکسپائری کی مدت مجموعی فیس میں شامل ہوگی۔

شیئر: