Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگنا دریا میں گِر گئیں، ’آپ جوش میں ہوں تو ایسا ہو جاتا ہے‘

کنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر واقعے کی تصویریں بھی شیئر کیں (فوٹو: انسٹاگرام، کنگنا رناوت)
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت آسام میں شوٹنگ کے لیے لوکیشن کا جائزہ لیتے ہوئے دریا میں گر گئیں تاہم خوش قسمتی سے پانی زیادہ گہرا نہیں تھا اور ٹیم ارکان نے ان کو نکال لیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکارہ آج کل آسام میں موجود ہیں جہاں وہ اپنی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
کنگنا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصویریں شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پاؤں پھسلنے کے باعث پانی میں گر گئی تھیں۔
ان میں وہ تصویریں بھی شامل ہے جس میں وہ گھٹنوں تک پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور دوسری میں وہ بڑے پتھر پر پاؤں رکھتے دکھائی دے رہی ہیں۔
کنگنا رناوت کی پوسٹ کے بعد بے شمار صارفین ان کی خیریت معلوم کرتے رہے جبکہ بعض مقامی صارفین اس پر خوش دکھائی دیے کہ انہوں نے آسام کے اس مقام کا دورہ کیا۔
ایک تصویر جس میں وہ پتھر کو تھامنے کی کوشش کر رہی ہیں کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’جب آپ جوش میں ہوتے ہیں تو ایسا بھی ہو جاتا ہے۔‘
اسی طرح اپنی ایک اور پوسٹ میں انہوں نے اپنی ٹیم کے ارکان کو ’سولجرز‘ قرار دیا۔
کنگنا رناوت پہلی بار فلم ’ایمرجنسی‘ کی کُلی طور پر ہدایات دے رہی ہیں جبکہ کہانی بھی انہوں نے خود لکھی ہے اور مکالمے رتیس شاہ نے لکھے ہیں۔

’ایمرجنسی‘ میں کنگنا رناوت سیاست دان اندرا گاندھی کا کردار ادا کر رہی ہیں (فوٹو: انسٹاگرام، کنگنا رناوت)

 اس سے قبل وہ سرویش میوارا کی ہدایت کاری میں بھی شامل رہیں۔ اس فلم میں انہوں نے ایئرفورس پائلٹ کا کردار ادا کیا۔
اسی طرح کچھ روز پیشتر سرویش میوارا نے تھیٹر آرٹسٹ نوتی بنودنی کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان بھی کیا جس میں ان کا کردار کنگنا رناوت ادا کریں گے۔
فلم ’ایمرجنسی‘ آنجہانی انڈین وزیراعظم اندرا گاندھی کے دور کے کچھ واقعات پر مبنی ہے اور کنگنا رناوت نے ان کا کردار ادا کیا ہے۔
فلم کا ٹیزر 24 جولائی کو ریلیز کیا گیا تھا جس کو بہت سراہا گیا۔
ہدایت کار رام گوپال نے اس کی تعریف کرتے ہوئے اندرا گاندھی کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا ’یقین کریں یا نہ کریں، اندرا گاندھی کنگنا رناوت کی طرح ایکٹ کر رہی ہیں۔‘

شیئر: