Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: سیمی فائنل میں بھی قسمت قومی ٹیم پر مہربان ہوگی؟

نیوزی لینڈ گروپ ون میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست جبکہ پاکستان گروپ ٹو میں دوسرے نمبر پر رہا ہے (فائل فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر)
آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل آج بدھ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
سڈنی میں شیڈول اس سیمی فائنل کے لیے دونوں ٹیمیں پریکٹس اور آرام کے بعد تازہ دم دکھائی دے رہی ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ ون میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آنے والی ٹیم ہے جبکہ پاکستانی ٹیم گروپ ٹو میں دوسرے نمبر پر رہی ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے ہاتھوں اپنا پہلا میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم 27 اکتوبر کو زمبابوے کے خلاف برسبین میں بھی ہار گئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ سے تقریباً باہر ہوگئی۔
تاہم اگر مگر کی صورت حال، جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی اور جنوبی افریقہ کی نیدرلینڈز کے خلاف اپ سیٹ شکست نے پاکستان کو سیمی فائنل تک پہنچا دیا۔
سیمی فائنل میں پاکستان کے اہم کھلاڑی کون ہوں گے؟
نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں شاداب خان، محمد حارث، افتخار احمد، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو پاکستان ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
بیٹر فخر زمان کی جگہ ٹیم میں جگہ بنانے والے محمد حارث نے آخری دونوں میچز میں ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
محمد حارث نے جنوبی افریقہ کے خلاف 11 گیندوں پر 28 جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف 18 گیندوں پر 31 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی تھی۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف 4 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کی فارم میں واپسی کو بھی ٹیم کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے لیکن پورے ملک کی نظریں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان پر مرکوز ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ کپتان بابر اعظم کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہو رہا ہے اور ان کے سٹرائیک ریٹ پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

شاداب خان، محمد حارث، شاہین آفریدی اور حارث رؤف پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اسی سلسلے میں منگل کے روز آرام کے بجائے بابر اعظم اکیلے نیٹ پریکٹس کرتے دکھائی دیے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ میں اب تک چھ مقابلے ہوچکے ہیں جس میں 4 مرتبہ پاکستان جبکہ 2 مرتبہ نیوزی لینڈ کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
اسی طرح دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کُل 28 ٹی20 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں 17 بار پاکستان جبکہ 11 مرتبہ نیوزی لینڈ نے فتح حاصل کی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک دونوں فارمیٹس کے ورلڈ کپ کے تین سیمی فائنلز ہوچکے ہیں جس میں تینوں بار جیت پاکستان کی ہوئی ہے۔
سنہ 1992 اور 1999 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔
سنہ 2007 میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی نیوزی لینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
گذشتہ ایک ماہ کے دوران دونوں ٹیمیں چوتھی مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔
اکتوبر میں نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی سہ ملکی ٹی20 سیریز میں پاکستان نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔
ورلڈ کپ میں یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ٹیمیں سڈنی کے میدان میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آرہی ہیں۔
اس سے پہلے پاکستان نے 3 نومبر کو سڈنی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کھیلا تھا۔ اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 33 رنز سے ہرا دیا تھا۔
سڈنی کی پچ کو بیٹرز کے کے لیے سازگار قرار دیا جارہا ہے اور اس ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران سڈنی کرکٹ گراؤںڈ (ایس سی جی) میں بڑے ٹوٹل دیکھنے کو ملے ہیں، لہٰذا سیمی فائنل میں ٹاس جیت کر دونوں ٹیمیں پہلے بیٹنگ کرنا پسند کریں گی۔
سڈنی کرکٹ گراؤںڈ میں اب تک 18 ٹی20 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے 11 بار کامیابی حاصل کی ہے۔
دوسری جانب سڈنی میں بدھ کے روز بارش ہونے کے امکانات کم ہیں اور دورانِ میچ موسم صاف رہنے کی پیشین گوئی کی گئی ہے جبکہ بارش کی صورت سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے متبادل دن رکھا گیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا سیمی فائنل سڈنی میں کھیلا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا سکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد حارث، شان مسعود، افتخار احمد، محمد نواز، شاداب خان، محمد وسیم، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد حسنین، خوش دل شاہ، حیدر علی اور آصف علی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا۔

شیئر: