Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ورلڈ کپ کے فائنل میں: ’اب نظر آیا پرانا بابر‘

تماشائیوں سے بھرے سٹیڈیم میں کرکٹ فینز کا جوش وخروش دیدنی تھا (فوٹو:اے ایف پی)
فارم عارضی ہے جب کہ کلاس مستقل ہے، ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم کے اوپنرز نے فارم واپس حاصل کی تو تماشائیوں میں سے ایک کے ہاتھ میں موجود پوسٹر پر لکھی یہ عبارت برمحل ٹھہری۔
کیویز کے 152 رنز کے ہدف کے تعاوب میں پاکستانی اوپنرز میدان میں اترے تو جہاں کپتان بابراعظم اور اب تک خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکنے والے محمد رضوان کے عزائم بدلے بدلے سے تھے وہیں شائقین کو بھی توقع تھی کہ آج کچھ نیا ہونا چاہیے۔
میدان میں موجود پاکستانی کرکٹ فینز ہوں یا سوشل ٹائم لائنز، کہیں لگ ہی نہیں رہا تھا کہ چند روز قبل پاکستانی ٹیم کے ورلڈ کپ سے اخراج کے خدشے سے پریشان ہیونے والے نہ صرف مطمئن ہیں بلکہ ٹیم اور کھلاڑیوں کی ہمت بندھانے میں بھی مصروف ہیں۔
بابراعظم کے لیٹ کٹ پر ’اولڈ بابر والی شاٹ کھیلی ہے‘ کا تبصرہ ہوا تو یہ بھی کہا گیا کہ ’کپتان اور رضوان کا واپس آنا‘ آخری سیاپا تھا جو آج دونوں نے ختم کردیا۔

میچ کے کمنٹیٹر نے ’وراٹ کوہلی کے فارم میں نہ ہونے اور بابراعظم کے میسیج کا ذکر کیا تو کسی نے کہا کہ سیمی فائنل سے قبل بابر کو ’پانچ میچوں میں نصف سنچری نہ کرسکنے‘ کا طعنہ دینے والے 38 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز پر اپنے الفاظ واپس لیں گے یا خجالت مٹانے کو خاموش ہی رہیں گے۔
آمنہ علی نے اسلام آباد کے ایک شاپنگ مال میں دکھائے جانے والے میچ میں موجود شائقین کرکٹ سے گفتگو کی تو جہاں انہیں ’میچ جیتنے کی وائبز‘ سنائی دیں وہیں ’اوپنرز کو جارحانہ کھیلنے‘ کا مشورہ بھی ملا۔
ٹویپس نے تبصرہ کیا کہ پورے ورلڈ کپ میں پہلا موقع ہے جب گرین شرٹس نے کوئی وکٹ کھوئے بغیر پاور پلے میں 50 سے زائد رنز کیے ہیں۔
سات چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر بابراعظم آؤٹ ہوئے تو کرکٹ فینز نے ’حق ادا کردیا‘ کے تبصروں سے واضح کیا کہ وہ کپتان کی بیٹنگ سے مطمئن ہیں۔
ماضی میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی عمران نزیر نے اپنی ٹویٹ میں بابراعظم اور پی سی بی کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ ’آؤ اس مرتبہ بھی جیتیں۔‘

پاکستانی بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی سراہی گئی تو کہا گیا کہ ’اب کمپنی یہی چلے گی۔‘
اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں آنے والے نوجوان بیٹر محمد حارث 26 گیندوں پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن ان کے کھیل پر کیے گئے تبصروں نے میچ کا ماحول گرمائے رکھا۔
میچ کے بعد اپنی ٹویٹ میں محمد حارث نے سڈنی کا شکریہ ادا کیا تو لکھا کہ ’ہمارا سفر ابھی باقی ہے اور پوری توجہ میلبرن پر ہے۔‘

پاکستانی ٹیم اتوار 13 نومبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گی۔

شیئر: