Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی، پاکستانی اعلیٰ رابطہ کونسل کے تحت کمیٹی کا پہلا اجلاس

وزارتی کمیٹی کے پہلے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے گئے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودیہ، پاکستانی اعلی رابطہ  کونسل کے تحت سیاسی و سکیورٹی کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں منعقد ہوا۔ 
ٹوئٹر پر جاری کردہ سعودی دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اجلاس کی صدارت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مشترکہ طور پر کی۔ 
اجلاس میں فریقین نے باہمی دلچسپی کے سیاسی و سلامتی کے امور خصوصا مشترکہ مفادات کے معاملات پر گفتگو کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے عالمی امن و سلامتی کے استحکام کی خاطر کی جانے والی مشترکہ جدوجہد تیز کرنے کی تدابیر کا بھی جائزہ لیا۔  
اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلی رابطہ کونسل کے تحت سیاسی و سلامتی سے متعلق وزارتی کمیٹی کے پہلے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے گئے۔
بعدازاں سعودی وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب اور ان کے ہمراہ  آئے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وزارتی کمیٹی میں شامل ارکان، سیکریٹری خارجہ برائے سیاسی امور ڈاکٹر سعود الساطی  اور پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف المالکی بھی شریک ہوئے۔ 
اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے پاکستانی  وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے وفد کے ہمراہ دفتر خارجہ ریاض میں ملاقات کی تھی۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے مستحکم تعلقات اور انہیں مزید مضبوط بنانے کی تدابیر کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  
یاد رہے کہ پاکستانی  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سعودی عرب کے سرکاری دورے پر بدھ کو ریاض پہنچے تھے۔

شیئر: