Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول بھٹو کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ، سیلاب سے تباہی کے بعد تعاون پر شکریہ

سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان اور اس کے عوام کے لیے یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا (فائل فوٹو: اے پی پی)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی واقعات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جمعے کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں پاکستان میں سیلاب کی صورت حال سے آگاہ کیا اور علاقائی امور کے حوالے سے گفتگو کی۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے کر آنے والے سیلاب کی وجہ سے پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل تعاون اور ساتھ کھڑے ہونے پر مملکت کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے مملکت کی طرف سے  پاکستان اور اس کے عوام کے لیے تمام حالات میں یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی واقعات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ دونوں برادر ممالک کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے تمام شعبوں میں مشترکہ تعلقات اور ان کو بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔

شیئر: