Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کراچی کا آج سے احتجاج کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان

بلال غفار کے مطابق دوسرے مرحلے میں کراچی کے ساتوں اضلاع میں ٹاؤنز کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کراچی نے جمعے سے احتجاج کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹاؤن کی سطح پر کیمپس لگا کر شہریوں سے چار نکاتی پٹیشن پر دستخط کروائیں جائیں گے۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں کراچی کے ساتوں اضلاع میں ٹاؤنز کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ تمام ٹاؤنز میں احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے اور ان کیمپس میں چار نکاتی پٹیشن پر عوام کی رائے لی جائے گی۔
بلال غفار کے مطابق پٹیشن کے چار نکات ہیں۔ پہلا نقطہ ارشد شریف کے قتل کیس میں تحقیقات پر مبنی ہے۔ جس میں یہ مطالبہ کیا جائے گا کہ ارشد شریف کے قتل کی شفاف تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
دوسرا مطالبہ یہ ہوگا کہ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے کیس میں انہیں انصاف دیا جائے۔
تیسرا نکات عمران خان پر حملے کا مقدمہ مدعی کے مطابق نامزد لوگوں کے خلاف درج کرنے کا مطالبہ ہے۔

بلال غفار نے ایم کیو ایم پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’کل تک مہنگائی کا چرچہ کرنے والی ایم کیو ایم اب کہاں ہے؟‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ان کا کہنا تھا کہ چوتھے اور آخری نکات میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سائفر پر شفاف تحقیقات کی جائے۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے سندھ میں وفاق کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔ کل تک مہنگائی کا چرچہ کرنے والی ایم کیو ایم اب کہاں ہے؟
’سوال ہے کہ ایم کیو ایم اب کیوں مہنگائی پر خاموش ہے؟ ایم کیو ایم مجبور قومی موومنٹ ہے۔‘
بلال غفار نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ کے تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر غیرسیاسی ہونے چاہیے۔

شیئر: