Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات اور بحرین کی مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق جلمود 3 کا اختتام

مشترکہ مشق بین الاقوامی امن اور سلامتی برقرار رکھنے کےعزم کی عکاسی کرتی ہے۔( فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات ابوظبی میں منامہ کے سفیر شیخ خالد بن عبداللہ بن علی الخلیفہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات اور بحرین کی مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق جلمود 3 نے علاقائی سلامتی اور استحکام کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
بحرینی نیوز ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’ بی ڈی ایف رائل گارڈ اور یو اے ای کے صدارتی گارڈ کی مشترکہ مشق دونوں برادر ممالک کے درمیان بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے ان کے جذبہ اور عزم کی عکاسی کرتی ہے‘۔
عرب نیوز کے مطابق اس فوجی مشق میں خلیجی ریاستوں کے دونوں رہنماؤں شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے شرکت کی۔

شیخ محمد بن زاید نے بحرین انٹرنیشنل ایئر شو 2022 کا بھی دورہ کیا(فوٹو وام)

شیخ خالد نے نوٹ کیا کہ مشق نے 'دونوں رہنماؤں کی جانب سے پائیدار ترقی کے اہداف کی تکمیل اور علاقائی استحکام کے تحفظ میں سلامتی اور استحکام کے کردار کی اہمیت کی تصدیق کی ہے‘۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق خلیجی رہنماؤں نے اس سے قبل اپنے ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے بات چیت کی۔
متحدہ عرب امارات کے صدر  شیخ محمد بن زاید آل نہیان جو بحرین کا دورہ کر رہے تھے، نے ’ مضبوط، ممتاز تعلقات اور مختلف شعبوں میں انھیں مضبوط اور ترقی دینے کی خواہش‘ پر زور دیا۔
شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے بحرین انٹرنیشنل ایئر شو 2022 کا بھی دورہ کیا جو صخر ایئربیس پر منعقد کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں جدید نظام، ٹیکنالوجی اور حل کے حوالے سے بحرین کے سول اور ملٹری ایوی ایشن کے شعبے میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

شیئر: