Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر بہترین، نکما انسٹاگرام صرف تصاویر کے لیے ہے: کنگنا رناوت

کنگنا رناوت نے جمعے کے روز انسٹاگرام پر سٹوری میں اپنے دل کی بھڑاس نکال دی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت کو ٹوئٹر کی یاد ستانے لگی ہے۔
انہوں نے جمعے کو فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سٹوری میں اپنے دل کی بھڑاس نکال دی۔
کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر لکھا کہ ’نکما انسٹاگرام صرف تصاویر کے لیے ہے، یہاں جو بھی کوئی کچھ لکھے وہ اگلے دن غائب ہوجاتا ہے، جیسے سب اوچھے، فضول اور نکمے ہیں۔‘
وہ مزید کہتی ہیں کہ ’کون چاہتا ہے کہ وہ یہ نہ دیکھے کہ اس نے گذشتہ روز کیا لکھا ہے، کیونکہ وہ یہ ہرگز نہیں چاہتے کہ وہ جو بھی کہیں وہ غائب ہوجائے۔‘
کنگنا شکوہ کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’ہم میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جو چاہتے ہیں کہ جو لکھ رہے ہیں وہ محفوظ رہے، یہ چھوٹے بلاگ ہیں، جو پیغام رسانی کے لیے سمجھئ جانے چاہییں۔‘
کنگنا رناوت کو ٹوئٹر کی جانب سے نفرت آمیز زبان استعمال کرنے اور تشدد پر اُکسانے کے باعث 2021 میں مستقل طور پر معطل کردیا گیا تھا۔
بالی وڈ اداکارہ انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جی پی) کی حمایت کرتی ہیں جس کے باعث وہ کسانوں کے احتجاج کے دوران ان پر شدید تنقید کرتی نظر آئیں۔

کنگنا رناوت کو ٹوئٹر نے نفرت آمیز زبان استعمال کرنے پر 2021 میں مستقل طور پر معطل کردیا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے کے بعد دنیا بھر میں یہ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ ٹوئٹر سے معطل ہونے والے سابق امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پلیٹ فارم پر واپس آسکتے ہیں۔
اسی اثنا میں یہ بھی گمان کیا جارہا ہے کہ کنگنا رناوت نے یہ سٹوری اپنی ٹوئٹر پر واپسی کے لیے کی ہے اور اگر ٹوئٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بحال کردیا تو شاید کنگنا بھی ٹوئٹر پر واپس آجائیں۔
خیال رہے کہ چند روز پہلے کنگنا رناوت نے ٹوئٹر کو بہترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ’ٹوئٹر نظریاتی طور پر پرعزم پلیٹ فارم ہے۔‘

شیئر: