Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہین آفریدی زخمی نہ ہوتے تو ورلڈ کپ فائنل کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا؟

مائیکل وان نے لکھا کہ ’کھیل کے نتیجے پر شاہین شاہ کے زخمی ہونے سے بڑا اثر پڑا‘ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستانی بیٹنگ کے نسبتاً کم ہدف کا دفاع کرتے ہوئے گرین شرٹس کے بولرز نے عمدہ کارکرگی کا مظاہرہ کیا۔
ایک مرحلے پر پاکستانی بولرز کی وجہ سے انگلش ٹیم مشکلات کا شکار دکھائی دینے لگی لیکن فیلڈنگ کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی زخمی ہوئے تو صورت حال بدل سی گئی۔
اتوار کو میلبرن میں انگلینڈ نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے دوسری مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کی تو متعدد صارفین نے نشاندہی کی کہ اگر شاہین شاہ آفریدی زخمی نہ ہوتے اور انہیں باقی دو اوورز کرانے کا موقع مل جاتا تو نتیجہ شاید مختلف ہوتا۔
اہم پاکستانی بولر کے زخمی ہونے سے میچ کے نتیجے پر فرق کی نشاندہی کرکٹ فینز تک ہی محدود نہ رہی بلکہ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی اس خیال سے متفق دکھائی دیے۔
میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے جہاں بیٹنگ میں 20 رنز کم بنانے کا اعتراف کیا وہیں یہ بھی کہا کہ ’شاہین شاہ آفریدی زخمی نہ ہوتے تو نیتجہ مختلف ہو سکتا تھا۔‘
انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’کھیل کے نتیجے پر شاہین شاہ کے زخمی ہونے سے بڑا اثر پڑا۔‘

انڈین کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے اپنے تبصرے میں فائنل میچ پر کریڈٹ پاکستان کو دیا تو لکھا کہ ’جس طرح انہوں نے کیا یوں 137 رنز کے ہدف کا دفاع کچھ ہی ٹیمیں کر سکتی تھیں۔ بہترین بولنگ ٹیم۔‘

انگلینڈ بارمی آرمی نے شاہین شاہ آفریدی کے زخمی ہونے پر تبصرے میں کہا کہ ’فائنل سے اس طرح جانا مشکل ہے۔‘

پاکستانی بولرز کی کاوشوں کا اعتراف کرنے والے ٹویپس نے ان کی ہمت بندھاتے ہوئے لکھا کہ ’تم سبھی چیمپیئن ہو۔‘

شاہین شاہ آفریدی کے زخمی ہونے پر پاکستانی ٹویپس نے مینجمنٹ سے سوال کیا کہ ’شاہین شاہ آفریدی فٹ نہیں تھے تو کیا ان کو کھلانا بہت ضروری تھا؟۔‘

سابق انڈین کرکٹر عرفان پٹھان اپنی ایک متانزع ٹویٹ کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ فینز کو ناراض کر بیٹھے تھے، تاہم اتوار کو انہوں نے بھی شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی پر تبصرے میں پاکستانی بولر کی تعریف کی۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 137 رنز بنائے، جواب میں انگلش ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 19 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔
انگلینڈ نے پانچ وکٹوں سے فائنل جیتا تو وہ ایک ہی وقت میں ون ڈے اور ٹی 20 ورلڈ کپ کی فتح کا اعزاز رکھنے والی ٹیم بھی بن گئی۔

شیئر: