Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیم پاکستان 2023 کو انڈیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائے: شعیب اختر

شعیب اختر نے پاکستان ٹیم پر تنقید نہ کرنے کا کہا اور بولرز کو شاباش دی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستانی ٹیم کے ہارنے کے بعد اس کی 2023 کا ورلڈ کپ جیتنے کے لیے حوصلہ افزائی کی ہے۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو میں کہا کہ ’میرا دل خوش ہے، کیونکہ پاکستان لڑ کر ہارا ہے، پاکستانی بولنگ نے رنز روک کر دکھائے، ہمت سے کام لیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔‘
شعیب اختر نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ’کوئی بات نہیں، سر کو اونچا رکھیں، بابر اعظم اور ٹیم کوئی بات نہیں ہے، بس کھلاڑیوں کی فٹنس کے بارے میں سخت ہوجائیں۔‘
شعیب اختر نے مزید کہا کہ ’شاہین واپس جائیں، اگر یہ ورلڈ کپ نہیں جیت سکے تو یاد رکھنا بین سٹوکس کو پانچ چھکے پڑے تھے، ورلڈ کپ پورا ہروا دیا تھا، ابھی ایک سال انڈیا میں ورلڈ کپ آنے والا ہے، میں آپ کو بتا رہا ہوں، جس نے ہیرو بننا ہے، ونکھیڈے سٹیڈیم میں ٹرافی اٹھا کر لائیں پاکستان کے لیے، یہ آپ کے لیے چیلنج ہے، انڈیا میں ورلڈ کپ ہے، یہ ہمارا ورلڈ کپ ہونا چاہیے۔‘
ویڈیو میں شعیب اختر نے پاکستان ٹیم پر تنقید نہ کرنے کا کہا اور بولرز کو شاباش دی۔
فائنل کے دوران انجرڈ ہونے والے شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں شعیب اختر نے کہا کہ ’شاہین آفریدی کے گھٹنے میں ٹیکہ لگا کر گھٹنا سُن کر دیتے اور باونڈری کے باہر ان سے ایک گیند کروا کر دیکھتے، جبکہ پاکستان ٹیم کو ایک قانون بنانا چاہیے کہ اَن فِٹ کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل نہیں کرنا۔‘
خیال رہے 2023 میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ انڈیا میں شیڈول ہے جس کا فائنل ممبئی کے ونکھیڈے یا احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں متوقع ہے، تاہم ورلڈ کپ کے بارے میں ابھی تک آئی سی سی کی جانب سے کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔

شیئر: