Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فٹ بال شائقین پیسے دے کر نہیں بلائے‘، قطر نے رپورٹس مسترد کر دیں

ارجنٹیا کے مشہور فٹ بالر لوئنل میسی ٹیم کے ساتھ پہنچ گئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
قطر کے حکام نے ان رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ فٹ بال کے شائقین کو پیسے دے کر بلایا گیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق دوحہ میں ہونے والے فٹ بال ٹورنامنٹ کے منتظمین نے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر متعدد صحافیوں اور مبصرین نے ’حقیقی‘ شائقین کے نہ ہونے پر سوال اٹھائے ہیں۔
تاہم ٹورنامنٹ کے منتظمین نے شائقین سے متعلق رپورٹس کے بارے میں کہا ہے کہ ’ہم مکمل طور پر ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہیں جو مایوس کن ہیں۔‘
ایسی رپورٹس سامنے آئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ قطر نے ٹورنامنٹ کے لیے شائقین پیسے دے کر بلائے ہیں۔
قطر کی سپریم کمیٹی فار ڈیلیوری اینڈ لیگسی (اللجنتہ العلیا للمشارع والارث) نے شائقین کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک میں رہنے والے لوگ مختلف ممالک کی ٹیموں سے جذباتی لگاؤ رکھتے ہیں۔
فٹ بال ٹورنامنٹ اتوار کو شروع ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ قطر اور ایکواڈور کے درمیان ہوگا۔ بین الاقوامی شائقین کی بہ نسبت قطر کے رہائشی ٹورنامنٹ کے  کے لیے سستے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔

فٹ بال ٹورنامنٹ اتوار کو شروع ہو رہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے فٹ بال ٹیموں کے لیے تقریباً 1600 شائقین بھرتی کیے ہیں اور ان کے اخراجات بھی برداشت کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ شائقین دو ہفتوں کے لیے رکیں گے اور قطر اور ٹونامنٹ کے بارے میں سوشل میڈیا پر مثبت مواد پوسٹ کریں گے۔
اسی طرح ان اکاؤنٹس کو بھی رپورٹ کریں گے جو نامناسب آن لائن تبصرے پوسٹ کریں گے۔
قطر کی سپریم کمیٹی فار ڈیلیوری اینڈ لیگسی نے دوحہ میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈنمارک ٹی وی کے عملے کے ساتھ نامناسب رویے پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشریات کے دوران ڈنمارک کے ٹی وی عملے کو غلطی سے روکا گیا۔
ورلڈ کپ کی تیاریوں اور انتظام کے لیے سپریم کمیٹی فار ڈیلیوری اینڈ لیگسی (اللجنتہ العلیا للمشارع والارث) قائم کی گئی تھی۔

شیئر: