Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آپریشن رد الفساد سے ریاست مخالف تشدد میں کمی

اسلام آباد... اسلام آباد میں قائم آزاد تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پکس) کی رپورٹ کے مطابق آپریشن ردالفساد سے ملک میں ریاست مخالف تشدد میں واضح کمی آئی ہے۔ اپریل 2017 ءکے دوران صرف 31 جنگجو حملے ہوئے جن میں 46 افراد ہلاک اور 54 زخمی ہوئے جو گزشتہ 3 سال میں کم ترین سطح ہے۔اپریل میں ہونے والے 31جنگجو حملوں میں سے 9 بم حملے‘ 7 ریڈ‘ 6 ٹارگٹ کلنگ ‘ 3 اغوا‘ 2 راکٹ حملے جبکہ ایک خود کش حملہ اور ایک ایک راکٹ اور گرینیڈ حملہ ریکارڈ کیا گیا۔ اپریل میں سیکیورٹی فورسز نے 61 کارروائیاں کیں 59 جنگجو ‘ 5 سیکیورٹی فورسز اہلکار اور ایک عام شہری ہلاک جبکہ 12 فورسز اہلکار‘ اور 2 عام شہری زخمی ہوئے۔ اپریل میں سیکیورٹی فورسز کو دو بڑی کامیابیاں بھی ملیں اور2 بڑے جنگجو گروپوں کے ترجمان سرنڈر کر گئے۔ ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان اور بلوچستان ریپبلکن آرمی کے ترجمان سرباز بلوچ نے ہتھیار ڈال دیئے۔ سرباز بلوچ کے ساتھ500 جنگجوﺅں نے بھی ہتھیار ڈالے جن میں 21 بڑے کمانڈر شامل ہیں۔ دونوں ترجمانوں نے اپنی تنظیموں کے ہندوستانی خفیہ ایجنسی را اور افغان انٹیلی جنس این ڈی ایس کے ساتھ خفیہ مراسم بھی بے نقاب کئے۔ 

 

شیئر: