Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریپبلکنز کی جیت، سپیکر نینسی پلوسی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

سپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ وہ ریٹائر نہیں ہو رہی اور سان فرانسیسکو کی نمائندگی کریں گی۔ (فوٹو: روئٹرز)
امریکی ایوان نمائندگان کی پہلی خاتون سپیکر نینسی پلوسی جن کے دور میں اہم قانونی سازی اور دو مواخذے ہوئے، نے ریپبلکنز کی جیت کے بعد کہا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایوان نمائندگان میں نینسی پلوسی کی جگہ  ڈیموکریٹس کے نیویارک سے ممکنہ امیدوار حکیم جیفریز ہوں گے جبکہ ریپبلکن اپنی پارٹی سے سپیکر لگانے کی تیاری کر رہے ہیں جس کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے کہ صدر جو بائیڈن کو قانون سازی کے معاملات میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔
کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی 82 برس کی نینسی پلوسی نے ایوان نمائندگان میں تقریر کے دوران کے اعلان کیا کہ وہ ایوان نمائندگان سے ریٹائر نہیں ہوں گی اور سان فرانسسکو کی نمائندگی کریں گی۔
وہ ایوان نمائندگان میں گزشتہ 35 برس سے سان فرانسسکو کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
نینسی پلوسی 2007 سے 2011 تک اور 2019 سے  2022 تک ایوان کی سپیکر رہیں۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے لیے، وہ وقت آ گیا ہے کہ ایک نئی نسل ڈیموکریٹ کی قیادت کرے جس کا میں دل سے احترام کرتی ہوں۔ اور میں مشکور ہوں کہ بہت سے رکن یہ اہم ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار ہیں۔‘
نینسی پلوسی نے کانگریس میں دو ڈیموکریٹک صدور کے ادوار میں قانون سازی کے معاملات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس دوران ان کو قدامت پسندوں کی جانب سے ناخوشگوار صورتحال کا بھی سامنا رہا۔

نینسی پلوسی 2007 سے 2011 تک اور 2019 سے  2022 تک ایوان کی سپیکر رہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے سابق صدر باراک اوبامہ کے 2010 کے ہیلتھ کیئر قانون کے ساتھ انفراسٹرکچر کی توسیع اور صدر جو بائیڈن کی حکومت میں ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق  قوانین بنانے میں مدد کی۔
نینسی پلوسی نے 2019 اور 2021 میں سابق ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے دوران ایوان کی صدارت کی۔
ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس 30 نومبر کو حکیم جیفریز کو ووٹ دیں گے۔ وہ کانگریس میں پہلے سیاہ فام قانون ساز ہوں گے جو ایک بڑی سیاسی جماعت کی قیادت کریں گے۔
انہوں نے سبکدوش ہونے والی سپیکر نینسی پلوسی کو خراج تحسین پیش کیا تاہم اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے گفتگو سے گریز کیا۔

سپیکر نینسی پلوسی کی جگہ حکیم جیفریز پارٹی کی قیادت کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کیلیفورنیا سے ریپبلکنز کے امیدوار کیون میککارتھی جو ایوان نمائندگان میں اقلیتی لیڈر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، پارٹی کی جانب سے ان کو سپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
جمعرات کو امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں اپوزیشن جماعت ریپبلکن پارٹی نے ایوان نمائندگان میں برتری حاصل کر لی تھی۔
وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے مطابق ریپبلکنز نے ایوان نمائندگان میں 218 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ حکمران جماعت ڈیموکریٹ پارٹی نے 211 سیٹیں جیتیں۔
اتوار کو امریکی صدر جو بائیڈن کی ڈیموکریٹ جماعت نے وسط مدتی انتخابات میں برتری کے بعد سینیٹ کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔

شیئر: