Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جذبات میں آ کر مارا‘، انڈیا میں اپنی ساتھی کو قتل کرنے والے ملزم کا بیان

عدالت نے ملزم کو چار دن  کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈیا میں اپنی ساتھی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم آفتاب پونا والا نے عدالت کو بتایا ہے کہ انہوں نے ’جان بوجھ کر‘ ایسا نہیں کیا۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق منگل کو دہلی کی عدالت میں آفتاب پونا والا نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ’وقتی غصے اور جذبات میں آ کر‘ اپنی ساتھی کا قتل کیا۔
ملزم آفتاب نے بتایا کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور انہوں نے ان جگہوں کی نشاندہی بھی کی ہے جہاں شردھا والکر کے جسم کے ٹکڑے دفن کیے تھے۔‘
28 سالہ آفتاب پونا والا نے عدالت کو بتایا کہ وہ تمام معلومات فراہم کریں گے لیکن چونکہ اس واقعے کو کافی وقت گزر چکا ہے اس لیے بہت کچھ یاد نہیں رہا۔
پیر کو حکام نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم نے تفتیش کاروں کو گمراہ کیا۔
عدالت نے فریقین کو سننے کے بعد آفتاب پونا والا کو مزید چار دن  کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔
عدالت نے ملزم کی پولی گراف یا جھوٹ پکڑنے والے ٹیسٹ کرانے کی درخواست بھی منظور کر لی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پونا والا اور ان کی ساتھی شردھا والکر کے درمیان رواں سال مئی میں ایک فلیٹ میں منتقل ہونے کے تین دن بعد جھگڑا ہوا۔
پولس نے پونا والا کے انکشاف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تلخ کلامی کے بعد جسمانی تشدد کیا گیا اور پھر ملزم نے لڑکی کا گلا گھونٹ دیا گیا۔ پولیس کے مطابق اگرچہ یہ سب اراداتاً نہیں کیا گیا تھا تاہم اس کے بعد جو کچھ ہوا اس کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 28 سالہ آفتاب امین پونے والا  نے پہلے اپنی ساتھی شردھا والکر کی لاش کے ٹکڑوں کو فریزر میں رکھا اور پھر 18 روز تک انہیں دہلی کے قریب ایک جنگل میں ایک ایک کر کے دفن کرتا رہا۔
ستمبر میں شردھا والکر کی ایک دوست نے اس کے بھائی کو بتایا کہ اس کا موبائل پچھلے دو ماہ سے بند ہے۔ نومبر میں لڑکی کے والد معاملے کی جانچ کرنے کے لیے دہلی آئے اور اس فلیٹ کے دروازے پر تالا لگا دیکھا۔
اس کے بعد انہوں نے پولیس کو اغوا کی درخواست دی۔ انہوں نے درخواست میں لکھا کہ انہیں شردھا والکر نے بتایا تھا کہ آفتاب امین اس پر اکثر تشدد کرتا تھا۔
اس درخواست کے بعد پولیس نے آفتاب امین کو گرفتار کیا اور اس نے تفتیش میں بتایا کہ دونوں کا اکثر جھگڑا ہوتا تھا کیونکہ شرادھا والکر اس کے ساتھ شادی کرنا چاہتی تھی۔

شیئر: