Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی میں لڑکی کا ’بھیانک‘ قتل، میرے پاس الفاظ نہیں: سوارا بھاسکر

ملزم نے اپنی ساتھی کو قتل کر کے ان کی لاش کے 35 ٹکڑے کیے (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈین اداکارہ سوارا بھاسکر نے دہلی میں 27 سالہ لڑکی کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ملزم کو سخت ترین سزا ملے گی۔
سوارا بھاسکر نے منگل کو اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ کیس کتنا ہولناک، بھیانک اور المناک ہے اس کے لیے کوئی الفاظ نہیں۔ میرا دل اس بیچاری لڑکی کے لیے غمزدہ ہے جسے اس شخص سے دھوکہ ملا جس پر اس نے اعتبار کیا اور چاہا۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’امید ہے کہ پولیس تیزی سے اپنی تحقیقات مکمل کرے گی اور امید ہے کہ اس درندے کو سخت ترین سزا ملے گی جس کا وہ مستحق ہے۔‘
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں ایک شخص نے جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر اپنی ساتھی کو قتل کر کے ان کی لاش کے 35 ٹکڑے کیے اور انہیں فریزر میں رکھ دیا۔
پولیس نے بتایا کہ ’ملزم کی شناخت آفتاب امین پونا والا کے طور پر ہوئی جو ممبئی کا رہائشی ہے۔ ملزم کو سنیچر کو گرفتار کیا گیا تھا اور اسے پانچ دن کے ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا ہے۔‘
شردھا والکر کی عمر 26 برس تھی اور وہ ممبئی کے ایک کال سینٹر میں کام کرتی تھیں جہاں ان کی آفتاب امین سے ملاقات ہوئی اور دونوں اکٹھے رہنے لگے۔ جب ان کے خاندان والوں نے اس رشتے کو قبول نہ کیا تو وہ دہلی آ گئے۔
ستمبر میں شردھا والکر کی ایک دوست نے اس کے بھائی کو بتایا کہ اس کا موبائل پچھلے دو ماہ سے بند ہے۔ نومبر میں لڑکی کے والد معاملے کی جانچ کرنے کے لیے دہلی آئے اور اس فلیٹ کے دروازے پر تالا لگا دیکھا۔
اس کے بعد انہوں نے پولیس کو اغوا کی درخواست دی۔ انہوں نے درخواست میں لکھا کہ انہیں شردھا والکر نے بتایا تھا کہ آفتاب امین اس پر اکثر تشدد کرتا تھا۔
اس درخواست کے بعد پولیس نے آفتاب امین کو گرفتار کیا اور اس نے تفتیش میں بتایا کہ دونوں کا اکثر جھگڑا ہوتا تھا کیونکہ شرادھا والکر اس کے ساتھ شادی کرنا چاہتی تھی۔
پولیس نے آفتاب امین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جنگل سے لاش کے کچھ ٹکڑے برآمد کیے گئے ہیں، لیکن یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ انسانی لاش کے ٹکڑے ہیں۔

شیئر: