Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیت کا کریڈٹ ولی عہد کی میچ سے قبل ٹیم کی حوصلہ افزائی کو جاتا ہے: سعودی سفیر

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر بدھ  23 نومبر کو مملکت بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم کی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں دو مرتبہ کے عالمی چیمپئن ارجنٹائن کے خلاف جیت پر پاکستان میں سعودی سفیر سفیر نواف بن سعید المالکی نے ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
ان کا کا کہنا ہے کہ ’سعودی ٹیم کی بہترین کارکردگی اور جیت کا کریڈٹ ولی عہد کی میچ قبل حوصلہ افزائی کو جاتا ہے۔‘
سعودی سفیر نے اردو نیوز کو بتایا کہ کہ میچ سے قبل ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیم کو پرسکون رہنے اور پرعزم رہنے کا مشورہ دیا تھا۔
سفیر نواف بن سعید المالکی نے اردو نیوز کو جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا کہ ’ہمیں بحیثیت قوم اس ٹیم پر فخر ہے جس نے میچ کے دوران عزم و حوصلہ دکھایا۔‘
خیال رہے کہ منگل کے روز سعودی عرب نے ارجنٹائن کو ہرا کر ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لوسیل سٹیڈیم میں کھیلنے گئے میچ میں پہلا گول ارجنٹائن کے لیونل میسی نے کیا تاہم اس کے بعد سعودی عرب کے نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے میچ میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی جو آخری لمحات تک برقرار رہی۔
سعودی عرب کی طرف سے پہلا گول میچ کے 48 ویں منٹ میں صالح الشھری نے کیا جبکہ دوسرا گول محض پانچ منٹ بعد سالم الدوسیری نے کیا۔
سعودی عرب کی اس جیت پر نہ صرف مملکت بھر میں بلکہ مشرق وسطیٰ اور دیگر اسلامی ممالک میں بھی فٹ بال شائقین جشن منا رہے ہیں۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر بدھ 23 نومبر کو مملکت بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ 
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایت جاری کی ہے کہ ’ بدھ کو تمام سرکاری اور نجی شعبوں کے اداروں کے ملازمین کی چھٹی ہوگی۔‘

شیئر: