Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اہم تعیناتیاں: اب عمران خان کا امتحان اور صدر علوی کی آزمائش ہے، وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ صدر عارف علوی اداروں کو متنازع نہیں بنائیں گے۔ (فائل فوٹو: اے پی پی)
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف آرمی سٹاف کی تعیناتیاں آئین و قانون کے مطابق ہوئی ہیں۔
جمعرات کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ایڈوائس صدر عارف علوی کو بھجوا دی گئی ہے۔
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ تعیناتیوں کو صدر سیاسی نقطہ نظر سے نہیں دیکھیں گے اور کوئی تنازع کھڑا نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی افواج پاکستان کے سپریم کمانڈر ہیں اور وہ اداروں کو متنازع نہیں بنائیں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ صدر مملکت قانون اور آئین کے مطابق ایڈوائس کی توثیق کریں گے تاکہ یہ ہیجانی کیفیت آج شام تک ختم ہو جائے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہ کسی خدشے کا اظہار نہیں کرنا چاہتے بلکہ اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں کہ صدر سمری کی توثیق کریں گے تاکہ ملک اور معیشت ایک سمت میں چلے کیونکہ اس وقت ہر چیز رُکی ہوئی ہے۔  
اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے ٹویٹ کیا تھا کہ ایڈوائس صدر عارف علوی کے پاس چلی گئی ہے اور اب عمران خان کا امتحان ہے کہ وہ ادارے کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں یا متنازعہ۔
خواجہ آصف نے کہا ’صدر عارف علوی کی بھی آزمائش ہے کہ وہ سیاسی ایڈوائس پر عمل کریں گے یا آئینی و قانونی ایڈوائس پر۔‘
حکومت نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شیئر: