Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منی لانڈرنگ، رشوت اور جعلسازی کے الزامات، 138 افراد گرفتار

کنٹرول اینڈ اینڈی کرپشن کمیشن نے 308 مشکوک افراد کے ساتھ پوچھ گچھ کی ہے(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں کنٹرول اینڈ اینڈی کرپشن کمیشن (نزاھۃ) نے رشوت، اثر و نفوذ کے ناجائز استعمال، منی لانڈرنگ اور جعلسازی کے الزامات پر 138 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق نزاھۃ نے جمعے کو بیان میں کہا ہے کہ’ اکتوبر کے آخری ہفتے اور رواں نومبر کے دوران 2799 تفتیشی دورے اور 308 مشکوک افراد کے ساتھ پوچھ گچھ کی گئی ہے‘۔ 
بیان میں کہا گیا کہ’دفاع، داخلہ، نیشنل گارڈز، صحت، بلدیاتی و دیہی و آباد کاری امور، انصاف، تعلیم اور ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک خدمات کی وزارتوں کے اہلکار مشکوک افراد میں شامل ہیں‘۔ 
نزاھۃ کا کہنا ہے کہ ’پوچھ گچھ کے بعد 138 افراد کو فوجداری قانون کے بموجب حراست میں لیا گیا۔ ان میں سے بعض کو ضمانت پر رہا کیا گیا۔ ان پر رشوت، اثر و نفوذ کے ناجائز استعمال، منی لانڈرنگ اور جعلسازی کے الزامات ہیں‘ؑ۔ 
نزاھۃ کا کہنا ہے کہ’ جس شخص کو مالی یا انتظامی بدعنوانی کی کوئی سرگرمی نظر آئے یا اس طرح کی کوئی بات علم میں آئے تو فوری طور پر مطلع کیا جائے۔‘

شیئر: