Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے برطانیہ میں دس لاکھ پاؤنڈ کی امدادی رقم جمع

پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے پینی اپیل 100 گھر تعمیر کر چکا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
برطانوی خیراتی ادارے پینی اپیل نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے قونصل جنرل ابرار حسین کو دس لاکھ پاؤنڈ کا چیک پیش کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق برطانیہ میں پاکستانی قونصل جنرل نے پینی اپیل کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی رقم اکٹھی کی ہے۔
پینی اپیل نے بیان میں کہا کہ قونصل جنرل ابرار حسین نے پاکستانی عوام کی مدد کے لیے منعقد فنڈ ریزنگ ڈنر میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کر کے عزت بخشی اور برطانوی مسلم ٹی وی پر نشر ہونے والی چیرٹی کی لائیو اپیلوں میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
بیان میں مزید کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ فنڈ اکھٹا کرنے میں قونصل جنرل ابرار حسین نے کلیدی کردار ادا کیا۔
پینی اپیل کے بانی عدیم یونس نے قونصل جنرل ابرار حسین کو بریڈ فورڈ میں واقع پاکستانی قونصل خانے میں دس لاکھ پاؤنڈ کا چیک پیش۔
پینی اپیل کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام کے تعاون سے خیراتی ادارہ سیلاب سے متاثر 16 اضلاع میں کام کر رہا ہے اور متاثرین کو کھانا، صاف پانی، طبی امداد، شیلٹر اور مالی امداد بھی فراہم کر رہا ہے۔
ادارے کے مطابق متاثرین کو پانچ لاکھ لیٹر صاف پانی فراہم کرنے کے علاوہ دو لاکھ سے زائد پکے ہوئے کھانے تقسیم کر چکے ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر بھی خوراک، طبی امداد اور حفظان صحت کی کٹس فراہم کی جاتی ہیں۔

بیان کے مطابق زیادہ سے زیادہ فنڈ اکھٹا کرنے میں قونصل جنرل ابرار حسین نے کلیدی کردار ادا کیا۔ (فوٹو: پینی اپیل)

پینی اپیل امداد کے دوسرے مرحلے میں حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کو نئے گھر تعمیر کر کے دے رہا ہے جبکہ ایک سو گھر تعمیر ہو چکے ہیں جن سے ایک لاکھ تک افراد کو شیلٹر فراہم ہوا۔
پینی اپیل کے بانی عدیم یونس نے مزید کہا کہ ابرار حسین جیسے افراد ادارے کے لیے بہترین سرمایہ ہیں اور ان میں ضرورت مند افراد کی مدد کے جذبے کی کوئی حد نہیں ہے۔
’ابرار حسین جیسے افراد کی وجہ سے ہی ہم دنیا میں حقیقی اور دیرپا بہتری لانے کے قابل ہیں۔ مجھے فخر ہے جس انداز میں ہم نے برطانیہ اور پاکستان میں متحد ہو کر اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کی۔‘

شیئر: