Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاسپورٹ کی ایکسپائری میں 60 دن باقی، خروج نہائی لگ سکتا ہے؟

سفارتخانے سے پاسپورٹ کی مدت میں عارضی طورپراضافہ کیاجاسکتا ہے (فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کے رہائشی پرمٹ ’اقامے‘ کا اجرا اورتجدید کے علاوہ خروج وعودہ اورخروج نہائی یعنی ایگزٹ ری انٹری اورفائنل ایگزٹ کے معاملات محکمہ جوازات کی ذمہ داری ہے۔
ایسے افراد جن کے خروج نہائی اوراقامہ ایکسپائر ہوجاتے ہیں انہیں دوبارہ فائنل ایگزٹ جاری کرانے کے لیے اقامہ کی مدت میں توسیع کرانا ہوتی ہے۔  
 جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نےاستفسار کیا ہے کہ’میرے پاسپورٹ کی ایکسپائری میں 25 دن باقی ہیں، مستقل طورپرپاکستان جانا ہے۔پاسپورٹ تجدید کراتا ہوں تو اس میں کم از کم دوہفتے لگیں گے جبکہ اقامہ کی مدت بھی ختم ہونے کے قریب ہوجائے گی۔ کفیل کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کی مدت کم ہونے کی وجہ سے خروج نہائی نہیں لگایاجاسکتا, اس صورت میں کیاکروں؟‘ 
 سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’وہ تارکین جو خروج نہائی پرجاتے ہیں امیگریشن قانون کے مطابق ان کے پاسپورٹ کی ایکسپائری کم از کم 60 دن ہونا ضروری ہے‘۔ 
خروج نہائی لگائے جانے کے بعد اقامہ ہولڈر کے پاس 60 دن کی مہلت ہوتی ہے اس دوران ان کا مملکت میں قیام قانونی شمار ہوتا ہے تاہم یہ لازمی ہے کہ مذکورہ 60 روز ختم ہونے سے قبل وہ مملکت سے روانہ ہوجائیں۔ 
 مدت ختم ہونے پرسفرنہ کرنے کی صورت میں ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے جس کے بعد دوبارہ خروج نہائی حاصل کرکے ہی سفر کیاجاسکتا ہے۔ 
واضح رہے امیگریشن ضوابط کے مطابق جوازات کے خود کارسسٹم کے تحت غیرملکی اقامہ ہولڈر کے پاسپورٹ میں 60 دن سے کم ہونے کی صورت میں فائنل ایگزٹ نہیں لگایا جاسکتا۔ 
خروج نہائی لگانے سے قبل اقامہ بھی کارآمد ہونا ضروری ہوتا ہے خواہ اس کی مدت میں ایک ہفتہ ہی کیوں نہ باقی ہو۔ خروج نہائی ویزہ جاری ہونے کے بعد سسٹم میں کارکن کا اقامہ عارضی طورپرسیز ہوتا ہے کینسل نہیں۔ 

ایکسپائری میں اضافے کا اندراج محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے سسٹم میں کرایا جائے( فائل فوٹو ایس پی اے)

اقامہ ہولڈر کی فائل اس وقت بند کردی جاتی ہے جب وہ اپنے ملک روانہ ہوجاتا ہے ۔ ہوائی اڈے یا بری سرحدی چوکی پرموجود امیگریشن کاونٹر سے ایگزٹ کرنے کے بعد ہی جوازات کے مرکزی سسٹم میں اقامہ ہولڈر کی فائل کلوز کی جاتی ہے اس سے قبل اسے عارضی طورپرسیز کیاجاتا ہے۔ 
خیال رہے ہنگامی حالت میں سفر کرنے کے لیے اگ رپاسپورٹ کی ایکسپائری کم ہواس صورت میں سفارتخانے یا قونصلیٹ سے پاسپورٹ کی مدت میں عارضی طورپراضافہ کیاجاسکتا ہے جس کے بعد جوازات کے سسٹم میں پاسپورٹ کی تاریخ میں اضافہ کا اندراج کرانے کے بعد فائنل ایگزٹ حاصل کیاجاسکتا ہے۔ 
جہاں تک سوال میں دریافت کیا گیا ہے کہ پاسپورٹ کی ایکسپائری میں 25 دن باقی ہیں اس حوالے سے کفیل کا کہنا درست ہے۔ اس صورت میں خروج نہائی ویزا نہیں لگایا جاسکتا۔ اس کےلیے لازمی ہے کہ یا تو پاسپورٹ کی تجدید کی جائے یا اس کی ایکسپائری میں عارضی طورپراضافہ کرکے اس کا اندراج محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے سسٹم میں درج کرایا جائے۔ 
پاسپورٹ کی مدت میں عارضی طورپر اضافہ کرنے کی صورت میں وقت کا مسئلہ ختم ہوجائے گا جس کے بعد خروج نہائی لگایا جاسکتا ہے۔ 

شیئر: