Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں ورچوئل ورکنگ اقامہ ویزے کی شرائط کیا ہیں؟

ورچوئل اقامہ ویزے کے لیے ماہانہ آمدنی کم از کم 3500 ڈالر ضروری ہے۔ ( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات میں قومیت، کسٹم اور پورٹس سکیورٹی کے وفاقی ادارے نے کہا ہے کہ ورچوئل ورکنگ اقامہ ویزے کے اجرا کے لیے دو شرائط مقرر کی گئی ہیں۔ یہ ویزا ایک برس کے لیے ہے اوراس میں توسیع ہوسکتی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق وفاقی ادارے نے بیان میں کہا کہ ’ورچوئل اقامہ ویزے کے امیدوار کو بیرون مملکت ادارے میں ملازمت کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ مطلوبہ کام آن لائن انجام دیا جا سکتا ہے۔ ماہانہ آمدنی کم از کم 3500 ڈالر ضروری ہے۔‘
وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ’امیدوار کو ویزے کے لیے اپنی کلر تصویر، پاسپورٹ کی کاپی اورکیریکٹر سرٹیفکیٹ بھی دینا ہوگا جو امیدوار کے اپنے ملک کی جانب سے تصدیق کردہ ہو۔‘
وفاقی ادارے نے مزید کہا کہ ’لازمی اور اختیاری دستاویزات درخواست میں درج کرائے گئے کوائف کے حوالے سے مختلف ہو سکتی ہیں۔‘
ورچوئل ورکنگ اقامہ ویزے کے امیدوار امارات کے سمارٹ سروس سسٹم سے رجوع کر سکتے ہیں۔ ڈیجیٹل شناخت کے ذریعے اس تک رسائی ہو سکتی ہے۔ صارف کے نام سے بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
 شروعات کے بعد مطلوبہ خدمت سرچ کرکے درخواست فارم پر کرکے آخر میں سروس فیس جمع کرانا ہوگی۔ ویزا سروس سو درہم اور ویزے کے اجرا کی فیس سو درہم ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی ادارے اور الیکٹرانک خدمات کی فیس 50 درہم ہے۔ فیس درخواست میں درج کوائف کے حوالے سے مختلف ہو سکتی ہے۔ 
یاد رہے کہ امارات کی حکومت نے ورچوئل ورکنگ اقامہ پرمٹ کی سہولت حال ہی میں متعارف کرائی ہے۔

شیئر: