Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وزارت قانون و انصاف کا چارج دوبارہ سنبھال لیا

وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وزارت قانون و انصاف کا چارج دوبارہ سنبھال لیا ہے۔
بدھ کو وزارت قانون و انصاف کی وزارت پہنچنے پر اعلٰی افسران نے وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا استقبال کیا۔
مسلم لیگ ن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وزیر قانون کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
منگل کو مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا استعفیٰ نامنظور کر دیا ہے۔
تاہم لاہور میں اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت نے کام جاری رکھنے کا کہا یے۔ ’مشاورت کر کے اپنے فیصلے سے کل آگاہ کروں گا۔‘
مسلم لیگ ن کے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام لے کر وفاقی وزرا کے وفد نے اسلام آباد میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔
وفد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب شامل تھے۔
اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات میں وفاقی وزرا کے وفد نے اعظم نذیر تارڑ کو وزیراعظم کے فیصلے سے آگاہ کیا کہ وہ  وزیر قانون کے منصب پر ذمہ داریوں کی ادائیگی جاری رکھیں۔
خیال رہے اعظم نذیر تارڑ کے مستعفی ہونے پر سردار ایاز صادق کو وزیر قانون کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری ہوا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر اعظم نذیر تارڑ بدھ کو وزیر قانون کی ذمہ داریاں پھر سے سنبھالیں گے۔
 سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے 24 اکتوبر کو وزیر قانون کے عہدے سے استعفی دیا تھا۔

شیئر: